سیاسی بنیادوں پر یہ مقدمات قائم کیے گئے ٗ آٹھ فروری کو دوبارہ عدالت میں پیش ہونگا ٗ شاہ محمود قریشی

 
0
325

اسلام آبا د جنوری 31(ٹی این ایس)انسداد دہشت گردی عدالت ( اے ٹی سی) نے ایس ایس پی تشدد کیس سمیت چار مقدمات میں نامزد پاکستان تحریک انصاف کے نائب صدر شاہ محمود قریشی کی 8 فروی تک عبوری ضمانت منظور کرلی۔تفصیلات کے مطابق چیئرمین تحریک انصاف عمران خان پہلے ہی ان مقدمات میں ضمانت حاصل کرچکے ہیں۔ بدھ کو انسداد دہشت گردی کی عدالت کے جج شاہ رخ ارجمند نے مقدمات کی سماعت کی ۔ سماعت کے دوران شاہ محمود قریشی کی جانب سے ضمانت کی درخواست کی گئی، جسے عدالت نے منظور کرتے ہوئے انہیں ایک لاکھ روپے کے ضمانتی مچلکے جمع کرانے کا حکم دیا۔عدالت نے شاہ محمود قریشی کو 9 فروری کو دوبارہ عدالت میں پیش ہونے کا حکم بھی دیا بعد ازاں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی نے کہا کہ سیاسی بنیادوں پر یہ مقدمات قائم کیے گئے لیکن وہ عدالت کے سامنے پیش ہوئے اور انہیں ضمانت مل گئی اور اب 8 فروری کو دوبارہ عدالت کے روبرو پیش ہوں گا۔انہوں نے کہا کہ گزشتہ دور میں پاکستان پیپلز پارٹی ( پی پی پی) کی مرکز میں حکومت تھی جبکہ پنجاب میں بھی مخلوط حکومت تھے ٗاس وقت ان کے پاس سرائیکی صوبہ بنانے کا اچھا موقع تھا۔انہوں نے کہا کہ آصف زرداری کا سرائیکی صوبے سے متعلق بیان نئے انتخابات سے پہلے ووٹرز کی توجہ حاصل کرنے کی کوشش ہوسکتی ہے۔انہوں نے پیپلزپارٹی پر طنز کرتے ہوئے کہا کہ پیپلزپارٹی نے دعویٰ کیا کہ ان کی پارٹی بلوچستان میں 6 سینیٹرز منتخب کریگی جس جماعت کی صوبے میں ایک بھی نشست نہیں وہ 6 سینیٹز کیسے لائے گی؟انہوں نے دیگر جماعتوں کو تجویز دیتے ہوئے کہا کہ ہارس ٹریڈنگ ایک بدنما داغ ہے اور تمام جماعتوں کو اس سے بچنا چاہیے۔ تحریک انصاف کے رہنما شاہ محمود قریشی نے کہا کہ عدلیہ اور پارلیمنٹ کا احترام ہم سب پرلازم ہے۔انہوں نے کہاکہ آج کی سیاست میں جو لب ولہجہ متعارف کروایا گیا اس پرافسوس ہوتا ہے۔