ڈی جی (جنوبی ایشیاء و سارک) ڈاکٹر محمد فیصل کی جانب سے بھارتی ڈپٹی ہائی کمشنر کی دفتر خارجہ طلبی،

 
0
259

اسلام آباد ستمبر 30 (ٹی این ایس): ڈائریکٹر جنرل (جنوبی ایشیاء و سارک) ڈاکٹر محمد فیصل نے بھارتی ڈپٹی ہائی کمشنر گوراو اہلووالیا کو پیر کو دفتر خارجہ طلب کیا اور 28 اور 29 اگست 2019ء کو لائن آف کنٹرول (ایل او سی) پر جنگ بندی کی بلااشتعال خلاف ورزیوں کی مذمت کی۔ دفتر خارجہ سے جاری ایک بیان کے مطابق ایل او سی کے نکیال اور رکھ چکری سیکٹرز میں بھارتی فوج کی بلااشتعال فائرنگ کے نتیجہ میں 60 سالہ بزرگ خاتون سلامت بی بی اور 13 سالہ ذیشان ایوب شہید ہو گئے جبکہ نکیال سیکٹر میں ایک خاتون سمیت تین شہری اور رکھ چکری سیکٹر میں خاتون شدید زخمی ہوئے۔
قابض بھارتی افواج ایل او سی اور ورکنگ بائونڈری کی مسلسل خلاف ورزیاں کرتے ہوئے آرٹلری، بھاری اور خودکار ہتھیاروں کے ذریعے عام شہری آبادیوں کو نشانہ بنا رہی ہیں۔ 2017ء میں بھارت نے 1,970 مرتبہ جنگ بندی کی خلاف ورزیوں کا ارتکاب کیا اور اس وقت سے جنگ بندی کی خلاف ورزیوں کا سلسلہ جاری ہے۔ ڈاکٹر فیصل نے کہا کہ دانستہ شہری آبادیوں کو نشانہ بنانا انتہائی قابل افسوس، انسانی عظمت و وقار، عالمی انسانی حقوق اور بین الاقوامی انسانی قوانین کے صریحاً منافی ہے۔
بھارت کی جانب سے جنگ بندی کی ان خلاف ورزیوں سے علاقائی امن و سلامتی کو سنگین خطرات لاحق ہیں جس کا نتیجہ سٹرٹیجک غلطی کی صورت نکل سکتا ہے۔ ڈائریکٹر جنرل (جنوبی ایشیاء و سارک) نے بھارت پر زوردیا کہ وہ 2003ء کے جنگ بندی معاہدے کی پاسداری کرے، جنگ بندی کی خلاف ورزیوں کے ان واقعات کی تحقیقات کرائے، بھارتی فوج کو جنگ بندی کے احترام کا حکم دے، ایل او سی اور ورکنگ بائونڈری پر اس کی روح کے مطابق امن برقرار رکھے۔ انہوں نے زوردیا کہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق بھارت اقوام متحدہ کے فوجی مبصرین (یو این ایم او جی آئی پی)کو اپنا کردارادا کرنے کی اجازت دے۔