وفاقی کابینہ نے پاکستان میں افغان مہاجرین کے قیام میں مزیددو ماہ کی توسیع کی منظوری دے دی

 
0
346

اسلام آباد، جنوری 31 (ٹی این ایس):وفاقی کابینہ نے پاکستان میں افغان مہاجرین کے قیام میں مزیددو ماہ کی توسیع کی منظوری دے دی ہے جبکہ پسماندہ علاقوں تک وزیراعظم تعلیمی فیس ادائیگی سکیم کے دائرہ کار کو وسیع کرنے کی بھی منظوری جبکہ  نیشنل فوڈ سیکیورٹی پالیسی پر غورموخرکردیا گیا ہے ،  وزیراعظم نے متعلقہ وزارت اورصوبوں کو گنے کے کاشتکاروں کے مشکلات میں کمی کے لئے طریقہ کار وضع کرنے کی ہدایت کردی ہے ۔

وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کی صدارت میں وفاقی کابینہ کا اجلاس اسلام آباد میں ہوا جس میں مختلف اہم سرکاری سمریوں،معاہدوں اور  مفاہمت کی یاداشتوں پر غور کیا گیا۔کابینہ اجلاس میں چین کی اکیڈمی آف سائنسز اور پاکستان کے محکمہ موسمیات کے درمیان سائنس وٹیکنالوجی کے فروغ کے ایم او یو کی توثیق کردی گئی ہے۔اسی طرح وزارت خارجہ اور ساؤ ٹومے کے درمیان دوطرفہ مشاورت سے متعلق مفاہمت کی یاداشت کے لیے کابینہ نے منظوری دے دی ہے۔اجلاس میں پاکستان اور چین کے درمیان خصوصی ثقافتی پروگرام کے تبادلے کے معاہدہ پر دستخط کی بھی منظوری دے دی ہے جبکہ اسی طرح کابینہ نے کیبنٹ کمیٹی برائے توانائی کے 12 دسمبر 2017ء کے ہونے والے فیصلوں کی توثیق کردی ہے۔اجلاس میں 29 دسمبر 2017ء اور 5 جنوری 2018ء کو ای سی سی فیصلوں کی توثیق کر دی گئی، کابینہ نے سب سے اہم فیصلہ افغان مہاجرین کے تصدیقی کارڈ میں دو ماہ کی توسیع کی منظوری دی ہے۔وزیراعظم تعلیمی فیس ادائیگی سکیم کو ترقی پذیر علاقوں تک توسیع دینے کافیصلہ کیا گیا ہے ،چیئرمین ایچ ای سی نے بتایا کہ اس سکیم کو فاٹا،گلگت بلتستان،آزاد کشمیر سمیت چاروں صوبوں کے ایک سو 14 اضلاع تک وسعت دی گئی ہے جبکہ پشاور اور راولپنڈی میں تارکین وطن کے محافظین کے تقرر کی بھی منظوری دیدی۔