سندھ میں امن وامان کی صورتحال پہلے سے بہت بہتر ہے، را ؤانوار کی گرفتاری کے لئے پولیس بھرپور کارروائیاںکر رہی ہے، انور سیال

 
0
315

کراچی، جنوری 31 (ٹی این ایس): وزیر داخلہ سندھ سہیل انور سیال نے کہا ہے کہ سندھ میں امن وامان کی صورتحال پہلے سے بہت بہتر ہے، سابق ایس ایس پی را ؤانوار کی گرفتاری کے لئے پولیس بھرپور کارروائیاںکر رہی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کو چیف سیکریٹری سندھ کے آفس میں سینیٹ کی فنکشنل کمیٹی برائے انسانی حقوق کے منعقدہ اجلاس کے بعد صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

سہیل انور سیال نے کہا کہ لاپتہ افراد اور ان کاؤنٹرز سے متعلق معاملات دیکھ رہے ہیں اور راؤ انوار کے خلاف شکایات کے لئے ایک افسر مقرر کر دیا گیا ہے اس کی گرفتاری کے لئے پولیس بھرپور کارروائی کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ راو ٴانوار سے متعلق جس کے پاس بھی معلومات ہیں وہ ہمیں فراہم کرے۔ انہوں نے کہا کہ سندھ میں امن و امان کی صورتحال پہلے سے بہت بہتر ہے اغواء برائے تاوان،دہشت گردی، بھتہ خوری اور دیگر جرائم میں نمایاں کمی آئی ہے۔