قابض فورسز مقبوضہ کشمیر میں روز جلیانوالہ باغ کی خونین تاریخ دہرارہی ہیں‘ سیدعلی گیلانی

 
0
304

سرینگر فروری 1(ٹی این ایس) مقبوضہ کشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس کے چیئرمین سید علی گیلانی نے قابض بھارتی فورسز کی طرف سے مقبوضہ علاقے میں بے گناہ نوجوانوں کے قتل کے بڑھتے ہوئے واقعات پر اپنی گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے عالمی برادری پر زور دیا ہے کہ وہ بھارتی جبر و استبداد کا نوٹس لے۔ کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق سید علی گیلانی نے بھارتی فوجیوں کی بلا اشتعال فائرنگ سے شوپیاں میں شہید ہونے والے نوجوان رئیس احمد گنائی کی نماز جنازہ کے شرکا سے ٹیلیفونک خطاب میں کہا کہ جو لوگ ظلم کے خلاف جد وجہد کے دوران اپنی جانوں کانذرانہ دیتے ہیں، اسلامی تعلیمات کی روشنی میں وہ سب شہید ہیں۔ انہوں نے شہید رئیس احمد کو شاندار خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ بھارت نے جموں وکشمیر پر غیر قانونی قبضہ جما رکھا ہے اور وہ یہاں نہتے کشمیریوں کا خون پانی کی طرح بہا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت نے اپنی جنگ آزادی میں برطانوی سامراج کے ہاتھوں صرف ایک جلیانوالہ باغ قتل عام دیکھا ہے جبکہ اس کی قابض فورسز مقبوضہ کشمیر میں روز کسی نہ کسی مقام پر جلیاں والا باغ کی خونین تاریخ دہرارہی ہیں۔ سید علی گیلانی نے کہا کہ مقبوضہ علاقے کی بھارت نواز جماعتیں پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی ، نیشنل کانفرنس اور دیگر کشمیریوں کے قتل عام میں برابر کی شریک ہیں اور ان جماعتوں کے رہنما ؤں کو صرف اور صرف اپنا اقتدار عزیز ہے اور انہیں کشمیریوں کی مشکلات اور مصائب کی کوئی پرواہ ہیں۔حریت چیئرمین نے اپنے ٹیلیفونک خطاب میں لوگوں کوبھارت نواز جماعتوں سے مکمل قطع تعلق کرنے اور عظیم قربانیوں کی بھر پور حفاظت کرنے کی تلقین کرتے ہوئے کہا کہ نوجوانوں کی بیش بہا قربانیاں ایک روز ضرور رنگ لائیں گی اور جموں وکشمیر پر غاصبانہ بھارتی قبضہ ختم ہو کر رہے گا۔ دریں اثنا سید علی گیلانی ایک بیان میں جموں خطے سے تعلق رکھنے والے غیر قانونی طور پر نظر بند آزادی پسندوں کے ساتھ جیل حکام کے ناروا سلوک کی شدید مذمت کرتے ہوئے اِسے انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزی قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ سالہاسال سے جیلوں میں نظر بند افراد کو جھوٹے مقدمات میں پھنسا کر ان کی اسیری کو طول دیا جارہا ہے۔ حریت چیئرمین نے کٹھوعہ سے تعلق رکھنے والے ذاکر حسین بٹ، محمد قاسم شیخ، عطامحمد، بسنت گڑھ ادھمپور کے گل محمد خان، محمد اسلم، خطۂ چناب کے عبدالواحد، محمد عباس، فاروق احمد، حسان بابر اور ریاسی کے عبدالرشید کے صبرو استقامت کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ نظر بندوں کی عظیم قربانیاں تحریک آزادی کا قیمتی اثاثہ ہیں۔انہوں نے کوٹ بھلوال جیل میں نظر بند غلام نبی گوجری، عبدالرشید بٹ، عبدالرشید راتھر، عاشق حسین تیلی، حکیم قیصر، شبیر الاسلام، عبدالرحیم، ہلال احمد پالہ اور محمد
سلیم وارکے عزم و ہمت کو بھی خراج تحسین ادا کیا۔