جاتی امراء سمیت نو مقامات پر رکاوٹیں کھڑی کرنے کیخلاف درخواست پر پنجاب حکومت ،پولیس کو نوٹس جاری 

 
0
518

لاہور فروری 1( ٹی این ایس) لاہور ہائیکورٹ نے سکیورٹی کی آڑ میں سابق وزیراعظم نوازشریف کی جاتی امراء رہائشگاہ سمیت نو مقامات پر رکاوٹیں کھڑی کرنے کے خلاف دائر درخواست پر پنجاب حکومت اور پولیس کو نوٹس جاری کردئیے۔ لاہورہائیکورٹ کے جسٹس شاہد کریم نے اظہرصدیق ایڈووکیٹ کی درخواست پر سماعت کی جس میں جاتی امرا، وزیراعلی کیمپ آفس، آئی جی آفس، قربان لائنز اور دیگرسرکاری دفاترکے باہر سڑکوں کو بند کرنے کے اقدام کو چیلنج کیا گیا۔درخواست گزاروکیل نے اعتراض اٹھایا کہ شہرمیں کئی مقامات پر رکاوٹیں کھڑی کرکے سڑکیں بند کر دی گئی ہیں اور ان مقامات کو نو گو ایریا میں تبدیل کردیا گیا ہے۔درخواست کے متن کے مطابق اہم مقامات کو نوگو ایریا بنانا آئین کی خلاف ورزی ہے، قانون اس کی اجازت نہیں دیتا۔ ان سڑکوں کو عام شہریوں کے استعمال کے لئے کھول دیا جائے۔جس پر فاضل عدالت نے درخواستگزار کا موقف سننے کے بعد پنجاب حکومت اور پولیس کو نوٹسز جاری کر دیئے۔درخواست پر مزید کارروائی 27فروری کو ہو گی۔