حکومت ملک میں کاروبار میں آسانی پیدا کرنے کیلئے فعال انداز میں کام کررہے ہیں، وزیرِ اعظم کی ایوان صنعت وتجارت کے وفد سے گفتگو

 
0
271

اسلام آباد، فروری 01 (ٹی این ایس): وزیراعظم شاہدخاقان عباسی نے کہا ہے کہ حکومت ملک میں کاروبار میں آسانی پیدا کرنے کیلئے فعال انداز میں کام کررہی ہے۔انہوں نے یہ بات پاکستان کے ایوان صنعت وتجارت کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہی جنہوں نے آج اپنے صدر غضنفر بلور کی قیادت میں ان سے اسلام آباد میں ملاقات کی۔وزیراعظم نے کہا کہ ملک میں سرمایہ واپس لانے اور معیشت کے پیداواری شعبوں میں سرمایہ کاری کی غرض سے لوگوں کی حوصلہ افزائی کیلئے ایک پالیسی بھی زیر غور ہے۔

انہوں نے کہا کہ معیشت کو دستاویزی شکل دینے اور ٹیکس کے دائرہ کار میں توسیع میں سہولت کے لئے ٹیکسوں میں کمی کی تجویز بھی زیر غور ہے۔شاہدخاقان عباسی نے کہا کہ نجی شعبہ کو ملک برآمدات میں اضافے کے لئے نمایاں کردار ادا کرنا چاہیے۔ حکومت کو نجی شعبے سے تجاویز کا خیر مقدم کرنا چاہیے اور ہر ممکن طریقے سے تاجر برادری کو سہولتوں کی فراہمی جاری رکھی جائیگی۔وزیراعظم نے ایوان صنعت وتجارت کی فیڈریشن کے نئے منتخب عہدہداروں کو مبارکباد دی۔ملاقات میں مختلف شعبوں کی معیشت، آسان کاروبار، ملکی برآمدات میں اضافے، اخراجات اور ٹیکس سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔وفد نے خصوصا امن وامان برقرار رکھنے، توانائی کے بحران سے نمٹنے اور ملک میں کاروبار دوست ماحول پیدا کرنے کیلئے کاروباری برادری اور متعلقہ فریقوں کو اعتماد میں لینے کی غرض سے موجودہ حکومت کے اقدامات کو سراہا۔ٹیکسٹائل اور تجارت کے وزیر محمد پرویز ملک بھی ملاقات میں موجود تھے۔