پاکستان اور افغانستان باہمی اعتماد کے ذریعے  ہی دہشت گردی کے خلاف جنگ کامیابی کے ساتھ لڑ سکتے ہیں ،ہمیں اسے ملکر لڑنا ہوگا: وزیرِ خارجہ

 
0
602

اسلام آباد، فروری 01 (ٹی این ایس):وزیر خارجہ خواجہ آصف نے کہا ہے کہ پاکستان اور افغانستان باہمی اعتماد کے ذریعے دہشت گردی کے خلاف جنگ کامیابی کے ساتھ لڑ سکتے ہیں۔کابل میں دہشت گردی کے حالیہ واقعات میں ہونے والے جانی نقصان پر تعزیت کیلئے  جمعرات کے روز اسلام آباد میں افغانستان کے سفارتخانے کے دورے کے بعد صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ اس قسم کے واقعات میں دہشت گردی کے خاتمے کیلئے قریبی تعاون بڑھانے کی یاد دہانی کراتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان اور افغانستان کو مسائل کے حل کے لئے ملکر کام کرنا ہوگا۔وزیرخارجہ نے کہا کہ پاکستان اور افغانستان دونوں کی شدید خواہش ہے کہ خطے میں امن قائم ہو۔خواجہ محمد آصف نے کہا کہ دہشتگردی کے خلاف مہم ہماری مشترکہ جنگ ہے اور ہمیں اسے ملکر لڑنا ہوگا۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ اعلی سطح کے افغان وفد سے پاکستانی قیادت کی ملاقاتیں تعمیری اور مثبت ثابت ہوئیں۔وزیرخارجہ نے کہا کہ افغان وفد کے دورے سے پتہ چلا کہ دونوں ملک دہشتگردی کے خلاف جنگ میں ملکر کام کرنا چاہتے ہیں۔افغان سفیر عمر زخیلوال نے افغان عوام کے دکھ میں شریک ہونے پر وزیرخارجہ کا شکریہ ادا کیا انہوں نے کہا کہ دہشتگردی کے خاتمے کے لئے باہمی بات چیت اور اچھے تعلقات ضروری ہیں۔