وزیراعظم کی یوتھ بزنس لون سکیم کے تحت 20ارب 52کروڑ روپے فراہم کئے گئے ‘ لیلیٰ خان

 
0
383

لاہور،فروری 04(ٹی این ایس):نوجوانوں کیلئے وزیراعظم کے یوتھ پروگرام کے تحت گزشتہ چار سالوں کے دوران ملک بھر میں 11لاکھ 16ہزار 206 نوجوانوں نے استفادہ کیا ،سود سے پاک قرض سکیم کے تحت اب تک 4لاکھ 1ہزار 120 افراد میں ساڑھے 9 ارب روپے مالیت کے قرضے تقسیم کئے گئے۔وزیراعظم کے یوتھ پروگرام کی چیئرپرسن لیلیٰ خان نے ایک بیان میں کہا کہ اس پروگرام کا بنیادی مقصد ملک کے نوجوانوں کو مالی معاونت فراہم کرنا ہے تاکہ انہیں اپنے پیروں پر کھڑا کر کے قومی معیشت میں کردار ادا کرنے کے قابل بنایا جا سکے۔وزیراعظم کی یوتھ بزنس لون سکیم کے تحت 20ہزار 499 مستحق امیدواروں میں 20ارب 52کروڑ روپے تقسیم کئے گئے ہیں۔نوجوانوں کے ہنر کی ترقی کے لئے وزیراعظم کے پروگرام کے تحت ایک لاکھ مرد اور خواتین کو اب تک ملک میں زیادہ طلب کے حامل سو سے زائد شعبوں میں تربیت دی گئی ہے۔انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کی فیس واپسی کی سکیم کے تحت 2012 سے 2017 تک 6ارب 80 کروڑ روپے جاری کئے گئے ہیں اور سکیم کے تحت مستفید ہونے والوں کی تعداد ایک لاکھ 99 ہزار 559 ہے۔ چیئرپرسن نے کہا کہ وزیراعظم کے پروگرام کے تحت ہونہار طلبا میں 3لاکھ کے قریب لیپ ٹاپس تقسیم کئے گئے۔انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کی سود سے پاک قرض سکیم کے تحت اب تک 4لاکھ 1ہزار 120 افراد میں ساڑھے 9 ارب روپے مالیت کے قرضے تقسیم کئے گئے۔انہوں نے کہا کہ پہلے اور دوسرے مرحلے کے تحت مختلف اداروں میں مجموعی طور پر 95 ہزار 28 انٹرنیز کو انٹرن شپ دی گئی تاکہ انہیں ان کی مرضی کے شعبے کا انتخاب کرنے کے لئے ضروری تربیت فراہم کی جا سکے۔