عرب اتحاد کے چار صوبوں میں حوثیوں کے ٹھکانوں پر 50 فضائی حملے،48جنگجوہلاک

 
0
340

صنعاء،فروری 04(ٹی این ایس):سعودی عرب کی قیادت میں عرب اتحادی افواج کے لڑاکا طیاروں نے یمن کے چار صوبوں میں حوثی شیعہ باغیوں کے ٹھکانوں پر پچاس فضائی حملے کیے ،صعدہ ، حجہ ، الحدیدہ اور تعز میں اس فضائی بمباری میں حوثی ملیشیا کے 48 جنگجو ہلاک اور ان کے اسلحہ ڈپو تباہ ہوگئے ۔سعودی عرب کی سرحد کے نزدیک واقع صعدہ میں عرب اتحاد کے زمینی دستوں اور حوثی باغیوں کے درمیان بھی لڑائی جاری ہے۔میڈیارپورٹس کے مطابق فوجی حکام نے کہاکہ شمالی صوبے صعدہ میں حوثیوں کے بارہ ٹھکانوں کو فضائی حملوں میں نشانہ بنایا گیا ہے۔لڑاکا طیاروں نے صعدہ میں کتاف نظامت میں حوثیوں کی ایک کمک کو بھی نشانہ بنایا ۔صعدہ کے مغرب میں حوثی جنگجوؤں کے تین ٹھکانوں پر فضائی حملے کیے گئے ۔اتحادی طیاروں نے یمن کے شمال مغرب میں واقع حجہ میں حوثیوں باغیوں پر پچیس حملے کیے اور الحدیدہ میں سات مقامات پر فضائی بمباری کی ۔سعودی عرب کی سرحد کے نزدیک واقع صعدہ میں عرب اتحاد کے زمینی دستوں اور حوثی باغیوں کے درمیان بھی لڑائی جاری ہے۔واضح رہے کہ اس صوبے میں اتحادی افواج نے گذشتہ چند روز کے دوران میں حوثیوں کے زیر قبضہ تزویراتی اہمیت کے حامل متعدد پہاڑی علاقوں کو آزاد کرا لیا ہے اور اب وہ یمنی فوج کے قبضے میں ہیں۔تعز شہر میں یمنی فوج اور حوثیوں کے درمیان خونریز لڑائی کی اطلاعات ملی ہیں۔