زرداری پیپلز پارٹی ،سندھ کا بیڑہ غرق کر کے ،عمران خان خیبر پختونخواہ کا دیوالیہ نکال کر قوم کو بیوقوف نہیں بنا سکتے‘ رانا تنویر حسین

 
0
326

مریدکے فروری 6(ٹی این ایس) وفاقی وزیر دفاعی پیداوار ، سائنس اینڈ ٹیکنالوجی رانا تنویر حسین نے کہا ہے کہ آصف زرداری پیپلز پارٹی اور سندھ کا بیڑہ غرق کر کے جبکہ عمران خان خیبر پختونخواہ کا دیوالیہ نکال کر قوم کو بیوقوف نہیں بنا سکتے ۔مریدکے کی معروف سماجی شخصیت چوہدری مشتاق احمد کاہلوں کے انتقال پر انکی رہائشگاہ سلطان پارک میں بیٹے چوہدری عبدالرزاق کاہلوں اور چوہدری اشتیاق احمد کاہلوں سے اظہار تعزیت کے بعد گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مشرف کی لوٹ مار پر زرداری نے پہرہ دیا جب زرداری گیا ملک دیوالیہ ہونے کے قریب تھا ۔نواز شریف کی قیادت میں مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے ملک کو نہ صرف دیوالیہ ہونے سے بچایا بلکہ دنیا میں اقتصادی دلدل سے نکال کر خوشحالی کا دور دورہ شروع کیا ،دہشت گردی کا خاتمہ کیا ،بجلی جیسا عظیم منصوبہ شروع کیا ،غیر ملکی سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال کیا ۔

رانا تنویر حسین نے کہا کہ زرداری نے سندھ کا جو حشر کیا اور کمال سے پیپلز پارٹی کا بیڑہ غرق کیا قوم سب کچھ دیکھ رہی ہے ،2018 کے الیکشن میں زرداری کی پیپلز پارٹی کے لوگ (ن) لیگ کو ووٹ دیگر بینظیر بھٹو کی پیپلز پارٹی کا انتقام لیں گے ۔اسی طرح عمران خان نے خیبر پختونخواہ کا اقتصادی ، معاشی ، اخلاقی اور سیاسی بیڑہ غرق کیا اسے جلسے کرنے کیلئے لوگ نہیں ملیں گے ووٹ تو بہت دور کی بات ہے ۔انہوں نے کہا کہ عمران اور زرداری میں سیاسی دم خم ہے تو نواز شریف کے ادنیٰ کارکن رانا تنویر سے الیکشن لڑ کر دیکھ لیں جیت جائیں تو قوم انکو لیڈر مان لے گی ۔انہوں نے کہا کہ 2018 ء مسلم لیگ (ن) کا سال ہے میاں نواز شریف کی قیادت میں الیکشن جیت کر قوم کی خدمت کا سلسلہ جاری رکھیں گے ۔