پاکستان اور چین نے کے درمیان ثقافتی تعلقات کو مزیدمضبوط بنانے ،عوامی روابط کو فروغ دینے کیلئے ثقافتی معاہدے کے ایگزیکٹو پروگرام پر دستخط

 
0
325

اسلام آباد، جنوری 07 (ٹی این ایس): پاکستان اور چین نے دوطرفہ ثقافتی تعلقات کو مزیدمضبوط بنانے اور عوامی سطح پر روابط کو فروغ دینے کیلئے ثقافتی معاہدے کے ایگزیکٹو پروگرام پر دستخط کئے ہیں۔ اطلاعات و نشریات ،قومی تاریخ اور ادبی ورثے کی وزیر مملکت مریم اورنگزیب اور چین کے ثقافت کے وزیر لوشوگانگ نے منگل کے روز بیجنگ میں ایک تقریب میں معاہدے پر دستخط کئے۔اس سے پہلے وزیر مملکت نے چینی وزیر ثقافت سے ملاقات میں کہاکہ دونوں سٹرٹیجک شراکت داروں کے درمیان تعلقات سمندر سے گہر ے اور ہمالیہ سے بلندہیں۔انہوں نے اعتماد ظاہر کیا کہ چین پاکستان اقتصادی راہداری سے دونوں ملکوں کے باہمی تعلقات نئی بلندیوں کو چھوئیں گے۔مریم اورنگزیب نے کہا کہ معاہدے پر دستخط کے بعد دونوں ملکوں پر بڑی ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ بروقت عملدرآمد کو یقینی بنائیں۔وزیر مملکت نے کہا کہ اقتصادی تعاون، بنیادی ڈھانچے کی ترقی ، توانائی کے منصوبوں اور عوامی رابطوں سے دونوں ملکوں کے درمیان رابطے بڑھانے اور ورثے کے تبادلے اور فروغ میں مدد ملے گی۔انہوں نے پاکستان میں چین پاکستان اقتصادی راہداری کے راستے تک رسائی کے حامل ایف ایم ریڈیو کے قیام کی تجویز بھی دی۔

چین کے وزیر ثقافت لوشوگانگ نے سی پیک کو اہم منصوبہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ نہ صرف اقتصادی اور تجارتی سرگرمیوں کی ایک راہداری ہے بلکہ دونوں برادر ملکوں کے درمیان ثقافتی تبادلوں کا ذریعہ ہے۔چین کے وزیر نے کہا کہ دونوں ممالک آثار قدیمہ اور ورثے کے تحفظ کیلئے مل کر کام کر سکتے ہیں۔ انہوں نے پاکستان میں آرکیالوجی اینڈ ہیرٹیج سینٹر قائم کرنے کیلئے چین کے تعاون کی پیشکش کی۔ اس سے پہلے مریم اورنگزیب نے ذرائع ابلاغ سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاک چین دوستی ہماری ثقافت کا حصہ ہے اور بطور قوم پاکستانی معاشرے کے تمام طبقوں کا اس پر اتفاق ہے۔مریم اورنگزیب نے کہا کہ بنیادی ڈھانچے کی ترقی اور توانائی کے منصوبوں پر توجہ مرکوز کرنے سے دونوں ملکوں کے عوام کی زندگیاں بدل جائیں گی۔