اقوا م متحدہ کی شام میں متحارب فریقوں سے ایک ماہ کے لیے جنگ بندی کی اپیل

 
0
347
Turkey-backed Free Syrian Army fighters are seen in the eastern suburbs of al Bab, Syria February 4, 2018.REUTERS/Khalil Ashawi

دمشق فروری 7(ٹی این ایس)اقوام متحدہ نے شام میں متحارب فریقوں سے ایک ماہ کے لیے جنگ بندی کی اپیل کی ہے تاکہ لڑائی سے متاثرہ ہزاروں افراد کو فوری ہنگامی امداد پہنچائی جاسکے۔امریکی ٹی وی کے مطابق اقوام متحدہ نے شامی دارالحکومت دمشق سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا کہ جنگ زدہ ملک کے مختلف علاقوں تک امدادی سامان پہنچانے کی اجازت نہیں دی جارہی ہے جس کی وجہ سے ان علاقوں میں انسانی بحران کا خطرہ ہے۔اقوام متحدہ کے انسانی رابطہ کار اور شام کے لیے خصوصی ایلچی نے فوری طور پر ملک بھر میں ایک ماہ تک جنگی کارروائیاں روکنے کا مطالبہ کیا اور کہا کہ اس سے ضرورت مند افراد تک امداد اور خدمات پہنچائی جاسکیں گی اور شدید بیمار مریضوں اور زخمیوں کو علاج کے لیے دوسرے علاقوں تک منتقل کیا جاسکے گا۔اس وقت شامی صدر بشار الاسد کی وفادار فوج اور اس کی اتحادی فورسز شمال مغربی صوبے ادلب اور دمشق کے نواح میں واقع علاقے مشرقی الغوطہ سمیت مختلف محاذوں پر باغیوں اور جہادیوں کے خلاف فوجی کارروائیوں میں مصروف ہیں۔اقوام متحدہ کا کہنا تھا کہ جنگ زدہ علاقوں میں امدادی سامان پہنچانے کے لیے پہلے سے طے شدہ سمجھوتوں کی بھی پاسداری نہیں کی جارہی ہے ۔اب اگر متاثرہ علاقوں تک رسائی دے دی جاتی ہے تو ہر ہفتے امدادی سامان سے لدے تین قافلے بھیجے جاسکتے ہیں اور ان علاقوں میں دو ماہ میں ستر ہزار افراد تک امدادی سامان پہنچایا جاسکتا ہے۔