عاصمہ قتل میں ملوث مزید دو ملزمان کو گرفتار،اسلحہ بھی برآمد

 
0
314

پشاور،فروری  08  (ٹی این ایس): آئی جی خیبر پختونخوا صلاح الدین محسود نے دعویٰ کیا ہے کہ پولیس نے ابیٹ آباد میڈیکل کالج کی طالبہ عاصمہ رانی کے قتل میں ملوث مزید دو ملزمان کو گرفتار کر کے ان کے قبضے سے اسحلہ بھی برآمد کر لیا ہے۔

پشاور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے آئی جی خیبر پختونخوا کا کہنا تھا کہ گرفتار کیے گئے افراد کے قبضے سے برآمد ہونے والا اسلحہ عاصمہ رانی کو قتل میں استعمال کیا گیا۔

صوبائی پولیس چیف کا مزید کہنا تھا کہ میڈیکل کالج کی طالبہ کے قتل کے حوالے سے مزید ثبوت بھی سامنے لائے جائیں گے۔

عاصمہ رانی قتل کیس: انصاف کرنے بیٹھے ہیں اور ہر صورت انصاف ہوگا، چیف جسٹس

خیال رہے کہ گزشتہ ماہ 27 جنوری کو ایبٹ آباد میڈیکل کالج کی طالبہ عاصمہ رانی کو رشتے سے انکار پر مجاہد آفریدی نامی شخص نے کوہاٹ میں فائرنگ کر کے قتل کر دیا تھا۔

پاکستان تحریک انصاف کے ضلعی صدر آفتاب عالم کا بھتیجا مجاہد آفریدی قتل کے واقعے کے فوری بعد وطن سے فرار ہو گیا تھا جب کہ پولیس نے اس کے بھائی صادق اللہ آفریدی کو حراست میں لے لیا تھا۔

پولیس نے ہفتے کے روز مجاہد آفریدی کو وطن سے فرار کرانے میں معاونت فراہم کرنے والے شخص شاہزیب کو بھی گرفتار کر لیا تھا۔

بعد ازاں پولیس نے شاہزیب کا ایک روزہ ریمانڈ حاصل کیا اور اس کی نشاندہی پر قتل کی واردات میں استعمال ہونے والی موٹر سائیکل بھی برآمد کر لی، پولیس نے شاہزیب کے گھر سے مجاہد کو فرار کرانے میں استعمال کی جانے والی گاڑی بھی اپنی تحویل میں لے لی۔

عاصمہ رانی قتل کیس: خیبر پختونخوا پولیس بیان واپس لینے کیلئے دباؤ ڈال رہی ہے، بہن

چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس ثاقب نثار نے عاصمہ رانی قتل کیس کے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے کیس کی سماعت کے دوران خبردار کیا تھا کہ اگر کیس میں کسی قسم کا دباؤ محسوس ہوا تو اس کی تحقیقات دوسرے صوبے میں منتقل کر دیں گے۔