شامی فوج کے مشرقی الغوطہ پر فضائی حملے جاری ، مزید 40 شہری مارے گئے

 
0
25489

دمشق ،فروری 09(ٹی این ایس ):شامی فوج نے دارالحکومت دمشق کے نواح میں واقع باغیوں کے زیر قبضہ علاقے مشرقی الغوطہ پر مسلسل چوتھے روز فضائی حملے جاری رکھے ہوئے ہیں اور تازہ حملوں میں مزید 40 شہری مارے گئے ہیں اور 125 زخمی ہوگئے ،غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق برطانیہ میں قائم شامی رصدگاہ برائے انسانی حقوق کے سربراہ رامی عبدالرحمان نے ایک بیان میں بتایا کہ شامی طیاروں نے مشرقی الغوطہ میں واقع چھے مختلف مقامات پر بمباری کی اور سب سے زیاد ہ ہلاکتیں قصبے جسرین میں ہوئی ہیں جہاں آٹھ افراد مارے گئے ۔قصبے ساقبہ میں دو بچے اور ایک خاتون جاں بحق ہوئی ،بعض عینی شاہدین کے مطابق اس قصبے میں فضائی حملے کے بعد شاہراہوں پر انسانی اعضا ء بکھرے پڑے تھے اور کئی کاریں تباہ ہوگئیں۔مشرقی الغوطہ کا علاقہ دمشق کے مشرق میں واقع ہے اور اس پر اسلامی جنگجوؤں سمیت مختلف باغی گروپوں کا کنٹرول ہے۔اس علاقے میں اس وقت بھی قریباً چار لاکھ افراد شامی حکومت کے محاصرے میں رہ رہے ہیں اور شامی فوج نے اس علاقے کی اس انداز میں ناکا بندی کررکھی ہے کہ وہاں خوراک اور ادویہ لے جانے کی بھی اجازت نہیں ہے۔شامی حکومت کے طیاروں نے اس ہفتے کے دوران میں اس علاقے کے مکینوں پر بلا امتیاز شدید بمباری کی جس کے نتیجے میں اب تک بیسیوں افراد ہلاک اور سیکڑوں زخمی ہوچکے ہیں ۔ان زخمیوں کو فوری طبی امداد کی اشد ضرورت ہے۔