پاکستان میں عسکریت پسندی اور عسکریت پسندوں کے لیے کوئی جگہ نہیں، ممنون حسین

 
0
308

اسلام آباد فروری 9(ٹی این ایس) صدر مملکت ممنون حسین نے کہا ہے کہ پاکستان میں عسکریت پسندی اور عسکریت پسندوں کے لیے کوئی جگہ نہیں،پاکستان خطے میں امن واستحکام کیلئے پورے خلوص کے ساتھ کام کر رہا ہے، دہشت گردی کی ہر شکل کی مذمت کرتا ہے اس مقصد کیلئے پاکستان کی سرزمین کے استعمال کرنے کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا،پاکستان اور یورپی یونین کے درمیان دفاع میں مزید تعاون کی راہیں کھلیں گی،پاک چین اقتصادی راہداری خطے میں اقتصادی ترقی، استحکام اور خوشحالی کا منصوبہ ہے، لائن آف کنٹرول اور ورکنگ باونڈری پر بھارتی خلاف ورزی اور مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزی پر عالمی برادری کو اپنا کردار ادا کرنا چاہئے۔صدر مملکت نے یہ بات یورپی برادری کی عسکری کمیٹی کے چیئرمین جنرل میخائل کو ستاراکوس سے بات چیت کرتے ہوئے کہی جنہوں نے ان سے جمعہ کو ایوان صدر میں ملاقات کی۔

اس موقع پر وزارت دفاع اور ایوان صدر کے اعلی حکام بھی موجود تھے۔ صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان یورپی یونین سے اپنے تعلقات کو بڑی اہمیت دیتا ہے اور ان کے اس دورے سے پاکستان اور یورپی یونین کے درمیان دفاع میں مزید تعاون کی راہیں کھلیں گی۔انھوں نے کہا کہ پاک چین اقتصادی راہداری خطے میں اقتصادی ترقی، استحکام اور خوشحالی کا منصوبہ ہے۔ اس کی مکمل فعالی کے نتیجے میں خطے سے بدامنی کا خاتمہ ہو گا۔ صدر مملکت نے افغانستان میں یورپی یونین کے رکن ممالک کے تعمیری کردار کی تعریف کی اور کہا کہ یورپی یونین نے پاکستان میں مختلف ترقیاتی منصوبوں کے سلسلے میں قابل قدر تعاون کیا ہے۔توقع ہے مستقبل میں بھی تعاون کا یہ سلسلہ جاری رہے گا۔

صدر مملکت نے کہا کہ دہشت گردی کیخلاف جنگ میں پاکستان نے غیر معمولی جانی اور مالی قربانیاں دی ہیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان میں عسکریت پسندی اور عسکریت پسندوں کے لیے کوئی جگہ نہیں،پاکستان خطے میں امن واستحکام کیلئے پورے خلوص کیساتھ کام کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کی ہر شکل کی مذمت کرتے ہیں اس مقصد کیلئے پاکستان کی سرزمین کے استعمال کرنے کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔انہوں نے لائن آف کنٹرول اور ورکنگ باونڈری پر بھارتی خلاف ورزی اور مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزی پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ ان کے سدباب کیلئے اپنا کردار ادا کرے۔