سعودی وزارت حج کا پاکستان کے حج کوٹے میں اضافے کا عندیہ دیدیا

 
0
271

جدہ فروری 10(ٹی این ایس) سعودی وزارت حج نے پاکستان کے حج کوٹے میں 5 ہزار افراد کے اضافہ کا عندیہ دیدیا ہے۔ذرائع کے مطابق حج کوٹے میں اضافے سے متعلق وزارت مذہبی امور کو آگاہ کردیا گیا ٗرواں برس ایک لاکھ 79 ہزار210 افراد کے بجائے ایک لاکھ 84 ہزار 210 افراد فریضہ حج ادا کریں گے۔ذرائع نے بتایا کہ حج پالیسی کے تحت اضافی کوٹہ پرائیوٹ ٹور آپریٹرز میں تقسیم کیا جائیگا۔واضح رہے کہ 26 جنوری کو سرکاری اسکیم کے تحت ہونے والی حج درخواستوں کی قرعہ اندازی کے حوالے سے عدالتوں کے مختلف فیصلوں کے باعث وزارت مذہبی امور تذبذب کا شکار ہوگئی تھی جس کی بنا پر قرعہ اندازی موخر کردی گئی تھی۔وفاقی سیکرٹری برائے مذہبی امور خالد مسعود نے بتایا کہ جب تک یہ صورتحال واضح نہیں ہوجاتی، کوئی فیصلہ نہیں کیا جائیگا تاہم وزیراعظم کے نوٹس میں یہ بات لائی جائیگی اور حتمی فیصلے کے بعد ہی قرعہ اندازی ہوگی۔بعدازاں وزارتِ مذہبی امور نے اس معاملے پر سپریم کورٹ سے رجوع کرلیا تھا۔