عاصمہ جہانگیر کے انتقال پر انکی رہائشگاہ پر تعزیت کیلئے آنے والوں کا تانتا بندھ گیا 

 
0
342

لاہور فروری 11 (ٹی این ایس) معروف قانون دان اورانسانی حقوق کی علمبردار عاصمہ جہانگیر کے انتقال کی اطلاع پر ان کی رہائشگاہ پر تعزیت کے لئے آنے والوں کا تانتا بندھ گیا ۔تفصیلات کے مطابق اتوار کی دوپہر میڈیا پر عاصمہ جہانگیر کے انتقال کی خبر نشر ہوتے ہی اعلیٰ عدلیہ کے ججز صاحبان ،جوڈیشل افسران ،سماجی و سیاسی شخصیات ،ان کے عزیز و اقارب اور وکلاء کی کثیر تعداد ان کی رہائشگاہ پر پہنچ گئے اور اہل خانہ سے تعزیت کی ۔ عاصمہ جہانگیر کے انتقال پر ان کی رہائشگاہ پر اظہار تعزیت کے لئے آنے والوں میں چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس میاں ثاقب نثار، جسٹس آصف سعید کھوسہ ، جسٹس عمر عطا بندیال ،جسٹس شیخ عظمت سعید ، جسٹس منظور احمد ملک ،چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ جسٹس محمد یاور علی ،جسٹس عابد عزیز شیخ، سابق چیف جسٹس تصدیق حسین جیلانی ،مسلم لیگ (ق ) کے سربراہ چوہدری شجاعت حسین، وفاقی وزراء دانیال عزیز، طلال چوہدری، سابق وزیر خارجہ خورشید محمود قصوری،تحریک انصاف کے مرکزی رہنما شفقت محمود، پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنما سینیٹر اعتزاز احسن، کرکٹ بورڈ کے چیئرمین نجم سیٹھی،چیئرمین بحریہ ٹاؤن ملک ریاض، جسٹس (ر) ناصرہ جاوید اقبال، اٹارنی جنرل اوشتر اوصاف،سابق وزیر اعلیٰ میاں منظور وٹو ،سابق وزیرقانون زاہد حامد ، مفتی عبد القوی سمیت وکلاء تنظیموں کے عہدیداروں سمیت وکلاء کی کثیر تعداد شامل ہے ۔