دہشت گردی سے متاثرہ شہریوں کی امداد اوربحالی کا بل تیار کرلیاگیا

 
0
340

اسلام آباد ، فروری 15 (ٹی این ایس): قومی اسمبلی کو بدھ کو بتایا گیا کہ دہشت گردی سے متاثر ہونے والے شہریوں کو معاوضوں کی ادائیگی کےلئے دہشت گردی سے متاثرہ شہریوں کی امداد اوربحالی کا بل تیار کرلیاگیا ہے۔وزیر قانون محمد بشیر ورک نے وقفہ سوالات کے دوران ایوان کوبتایا کہ یہ بل مزید غور کےلئے متعلقہ ڈویژن کو بھجوا دیاگیا ہے۔مواصلات کے وزیر مملکت محمد جنید انور چوہدری نے ایوان کو بتایا کہ ملک میں مواصلاتی رابطے بہتر بنانے کےلئے موٹروے کے منصوبے تیزی سے شروع کئے جارہے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ ایم تھری کا لاہور عبدالحکیم سیکشن،ایم فور کے گوجرہ شورکوٹ سیکشن اور ایم نائن کے منصوبے اور شورکوٹ خانیوال، لاہور سیالکوٹ اور کراچی حیدر آباد اس سال مکمل کئے جائیں گے انہوں نے کہاکہ موٹروے کے ڈیرہ اسماعیل خان ہکلہ اور سکھر ملتان سیکشن اگلے سال مکمل ہونگے۔انہوں نے کہاکہ موٹروے پر ہنگامی سہولت مراکز بھی قائم کئے جائیں گے تاکہ مشکل میں گھیرے مسافروں کو فوری طبی امداد فراہم کی جاسکے۔

بجلی کے وزیر مملکت عابد شیر علی نے ایوان کو بتایا کہ بجلی کی وافر مقدار میں پیداوار کی بدولت کوئی لوڈشیڈنگ نہیں کی جارہی اور جن فیڈرز پر نقصانات صرف دس فیصد ہیں وہاں بھی کوئی لوڈشیڈنگ نہیں ہورہی ، انہوں نے کہاکہ جن فیڈرز پر چوری زیادہ ہے وہاں لوڈشیڈنگ کی جارہی ہے۔

دفاع کے پارلیمانی سیکرٹری سردار منصب علی ڈوگر نے بتایا کہ پاک فوج کنٹرول لائن اور ورکنگ باونڈری پر بھارت کی جنگ بندی کی خلاف ورزی کا بھرپور جواب دے رہی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ بھارتی فوج نے پچھلے ایک سال کے دوران ایک ہزار تین سو چورانوے بار جنگ بندی کی خلاف ورزی کی۔ ایوان نے آج تین بلوں کی منظوری دی۔ ان بلوں میں وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں بچوں کے تحفظ کا بل 2017 نوعمر  ملزموں سے متعلق انصاف کے نظام کا بل 2017 اور  نیشنل یونیورسٹی آف ٹیکنالوجی بل 2018 شامل ہیں۔ ایوان کا اجلاس اب کل صبح ساڑھے دس بجے تک ملتوی کردیا گیا ہے۔