ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی کی رابطہ کمیٹی کے ڈپٹی کنوینر اور اراکین رابطہ کمیٹی کے ہمراہ پر عزیز آباد کے شہداء قبرستان میں حاضری 

 
0
299

کراچی ، فروری 15 (ٹی این ایس): متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے کنوینر ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے رابطہ کمیٹی کے ڈپٹی کنوینر اور اراکین رابطہ کمیٹی کے ہمراہ عزیز آباد کے شہداء قبرستان میں سابق چیئرمین ایم کیوایم عظیم احمد طارق شہید ، شہید انقلاب ڈاکٹر عمران فاروق اورحق پرست شہداء کی قبروں پر حاضری دی اور فاتحہ خوانی کی۔

شہداء قبرستان میں حاضری دینے والوں میں رابطہ کمیٹی کے ڈپٹی کنوینر کنو ر نوید جمیل ، رابطہ کمیٹی کے اراکین امین الحق ، خواجہ اظہار ، فیصل سبزواری ، شبیر قائم خانی ، رؤف صدیقی ، زاہد منصوری ،عبد القادر خانزادہ ، عبد الحسیب ، حق پرست اراکین قومی وصوبائی اسمبلی ، ڈسٹرکٹس کے چیئرمین ، وائس چیئرمین کے علاوہ ایم کیوایم پاکستان کے مختلف شعبہ جات کے انچارجز و اراکین شامل تھے ۔ ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی اور رابطہ کمیٹی کے اراکین حق پرست شہداء کی قبروں پر پھولوں کی چادر چڑھائی اور انہیں زبردست خراج عقیدت بھی پیش کیا ۔

اس موقع پر میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے ایم کیوایم پاکستان کے کنوینر ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے کہاکہ متحدہ قومی موومنٹ وہ تنظیم ہے جس نے حق اور حقوق کی جدوجہد میں ایسی عظیم الشان قربانیاں دی ہیں جس کی پاکستان کی تاریخ میں مثال ملنا مشکل ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اس تحریک کی بنیادوں میں ہزاروں شہیدوں کا خون بھی شامل ہے ، یہ شہیدوں کی یاد ہماری روایت کا حصہ بنی ہوئی ہے اور جب بھی کوئی اہم ذمہ داری ایم کیوایم کے کارکنان کو ملتی ہے تو اس کو اپنے لئے واجب سمجھتے ہیں کہ سب سے پہلے ان شہداء کی قبروں پر آکر حاضردیں اور انہیں خراج عقدیت پیش کریں ۔ انہوں نے کہا کہ شہداء قبرستان جب بھی آتے ہیں ہم سب کے دل رنج و غم اور دکھ سے بھر جاتے ہیں آج کی خصوصی صورتحال میں ہمارا یہ دکھ اور غم کئی گنا زیادہ ہے ، ہم نے آج شہیدوں کی قبروں پر ان سے وعدہ کیا ہے کہ جس مقصد کیلئے انہوں نے اپنی جانوں کی قربانی دی ہے اس مقصد کو ہم کبھی نہیں بھولیں گے اور وہ تنظیم جو شہداء کی امانت ہے اسے انشاء اللہ تعالیٰ کمزوواور تقسیم نہیں ہونے دیں گے ۔

انہوں کہا کہ ایک مضبوط ، مستحکم اور اپنے حقوق پر ڈٹے رہنے والی اور جبر کے آگے ہتھیار نہ ڈالنے والی جماعت نے جس جدوجہد کا آغاز کیا تھا وہ جاری ہے اور جاری رہے گی ، جو موجودہ حالات میں مجھے امید ہے کہ بہت جلد مہاجر قوم اور پاکستان کے حق پرست عوام کو ضرور خوشخبریاں ملیں گے اور ان کی دعائیں قبول ہوں گی اور یہ تنظیم مستحکم اور متحد رہے گی ۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہاکہ سینیٹ میں ایم کیوایم سیٹیں محفوظ رہیں گی ہم اس بات کو یقینی بنائیں گے ایم کیوایم ہارس ٹریڈنگ کا شکار نہ ہو ۔ انہوں نے کہاکہ شہداء کے لواحقین ،ا سیروں اور لاپتہ ساتھیوں اہل خانہ ہماری پہلی ذمہ داری ہیں ، سب کو معلوم ہے کہ ہم پر غیر اعلانیہ خدمت خلق پر پابندی لگی ہے ، ہم زکوٰۃ ، فطرہ لیتے تھے اس سے لواحقین اور اہل خانہ کا خیال کرتے تھے ، ہم مد میں ہم نے تنظیمی خرچ بھی 70فیصد کم کیا ۔ ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہاکہ قومی اسمبلی کا اجلاس جاری ہے اور وہاں پر ایم کیوایم متحدہے ۔