شریف خاندان کے افراد کے نام ای سی ایل میں ڈالنے کی نیب درخواست وزارت داخلہ کے ایڈیشنل سیکریٹری داخلہ کی سربراہی میں قائم کمیٹی کو  ارسال

 
0
562

اسلام آباد، فروری 16 (ٹی این ایس):  نواز شریف، مریم نواز، کیپٹن ریٹائرڈ صفدر، حسن نواز اور حسین نواز کا نام ای سی ایل میں ڈالنے کا معاملہ وزارت داخلہ کی ای سی ایل کمیٹی کو بھجوادیا گیا ہے۔

وزارت داخلہ کے ذرائع کے مطابق نیب کی درخواست وزارت داخلہ کے ایڈیشنل سیکریٹری داخلہ کی سربراہی میں قائم کمیٹی کو بھجوادی گئی ہے جو اس سارے معاملے کا جائزہ لے گی اور دیکھے گی کہ نیب نے اپنی درخواست میں جو وجوہات ڈالی ہیں ان میں کس حد تک وزن ہے؟ یا ایسی کوئی ضرورت ہے کہ یہ نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ میں ڈالے جائیں؟سابق وزیراعظم، ان کے بچوں اور داماد کا نام ای سی ایل میں ڈالنے یا نہ ڈالنے کا فیصلہ وفاقی وزیر داخلہ احسن اقبال کریں گے جو اس وقت بیرون ملک ہیں تاہم ایک دو روز میں وطن واپس پہنچ رہے ہیں۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ ای سی ایل کمیٹی اس معاملے پر جو بھی رائے دے گی اس پر حتمی فیصلہ وزیرداخلہ کا ہوگا تاہم زیادہ امکان یہی ہے کہ فی الوقت سابق وزیراعظم نواز شریف اور ان کے بچوں کے نام ای سی ایل پر نہیں ڈالے جائیں گے۔