پاکستان پوسٹ اور نیشنل بینک آف پاکستان میں ڈیجیٹل فنانشل سروسز کے فروغ کیلئے مفاہمتی یادداشت پر دستخط

 
0
563

اسلام آباد فروری 16(ٹی این ایس) پاکستان پوسٹ اور نیشنل بینک آف پاکستان نے ملک بھر میں12 ہزار پوسٹ آفسزکے وسیع وعریض نیٹ ورک کے ذریعہ ملک بھرمیں ڈیجیٹل فنانشل سروسز کے فروغ کیلئے مفاہمتی یادداشت پر دستخط کئے ہیں تاکہ سٹیٹ بینک آف پاکستان کے 2020ئ تک پاکستان کی 50فیصد آبادی کو ڈیجیٹل فنانشل سروسز تک رسائی کی مالیاتی شمولیت کی حکمت عملی کا ہدف مکمل کیا جاسکے۔

وفاقی وزیر پوسٹل سروسز مولانا امیر زمان بخاری کی موجودگی میں نیشنل بینک آف پاکستان کے صدر سعید احمد اور ڈائریکٹر جنرل و چیئر پرسن پاکستان پوسٹ روبینہ طیب نے ایم اویو پر دستخط کئے۔ یہ تقریب پوسٹل سٹاف کالج ای سی او ہیڈ کوارٹر میں منعقد ہوئی جس میں نیشنل بینک اور پاکستان پوسٹ کے افسران نے شرکت کی،ایڈیشنل ڈائریکٹرجنرل پاکستان پوسٹ نصیراحمد خان اور نیشنل بینک کے گروپ چیف پیمنٹ سروسز/ڈیجیٹل بینکنگ بھی اس موقع پر موجود تھے۔
وفاقی وزیر پوسٹل سروسز مولانا امیر زمان نے اپنے خیالات کا اظہارکرتے ہوئے کہا کہ پاکستان پوسٹ کے تعاون کے ساتھ نیشنل بینک آف پاکستان عوام الناس کو بہتر سے بہتر خدمات کی فراہمی جانب بڑھ رہا ہے۔ وفاقی وزیر نے مفاہمتی یادداشت کے بنیادی خدوخال پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ نیشنل بینک اس ایم او یو کے تحت ملک بھر کے بڑے ڈاکخانہ جات میں اے ٹی ایم مشینیں نصب کرے گا تاکہ بین الاقوامی اور ملکی ترسیلات زر کی ملک بھرمیں تیز رفتار ترسیل کو یقینی بنایا جاسکے اور پنشن کی رقوم کی تقسیم سمیت اسلامی بینکنگ کو متعارف کرایا جائے۔

ڈائریکٹر جنرل پاکستان پوسٹ روبینہ طیب نے اپنے خیرمقدمی کلمات میں کہا کہ پاکستان پوسٹ سرکاری شعبہ کے خدمات کی فراہمی کے بڑے ادارے کے طور پر ملک بھر میں خدمات فراہم کررہا ہے جس کیلئے پاکستان پوسٹ کے پاس 12ہزار ڈاکخانہ جات کے ہمراہ 50 ہزار ملازمین کی افرادی قوت ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان پوسٹ روز اول سے ہی صارفین کو مالی اور بینکنگ کی خدمات فراہم کررہا ہے اور1856ئ سے سیونگ بینک کے ذریعہ خدمات کی فراہمی پاکستان پوسٹ کا طرہ امتیاز ہے۔
انہوں نے نیشنل بینک کے ساتھ پاکستان پوسٹ ایم او یو کو قومی مالیاتی شمولیت کی حکمت عملی کی جانب بڑا قدم قرار دیا۔ انہوں نے پاکستان پوسٹ کے افسران اور فیلڈ سٹاف پر زوردیا کہ وہ لگن اوردیانتداری سے ڈیجیٹل فنانس سروسزکی فراہمی کے اقدام پر عملدرآمد کیلئے کام کریں۔ نیشنل بینک آف پاکستان کے صدر سعید احمد نے کہا کہ نیشنل بینک پاکستان پوسٹ کے ساتھ ایک تاریخی تعاون بڑھانے جارہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان پوسٹ صارفین کو ان کی دہلیز پر بینکنگ سروسز کی فراہمی کیلئے نیشنل بینک آف پاکستان کے ساتھ مل کر اہم کردار ادا کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ اس اقدام سے حوالہ ہنڈی کے ذریعہ آنے والے ترسیلات زرکو پاکستان پوسٹ کی بااعتماد سروسز کی جانب منتقل کیا جاسکے۔ انہوں نے زوردیا کہ پاکستان پوسٹ اور نیشنل بینک آف پاکستان کے افسران محنت اور لگن سے اس مفاہمتی یادداشت کو کامیاب بنائیں تاکہ مرحلہ وار مزید خدمات کے شعبوں میں تعاون کو بڑھایا جاسکے۔