راولپنڈی حکام نے کالعدم جماعت الدعوۃکے فلاحی مراکز کا کنٹرول سنبھال لیا

 
0
295

راولپنڈی فروری 17(ٹی این ایس)پنجاب حکومت نے راولپنڈی ضلعی انتظامیہ کو کالعدم جماعت الدعوۃکے زیر انتظام تمام تدریسی مراکز اور فلاحی یونٹس کو اپنے کنٹرول میں کرنے کیلئے سروے کا حکم دیتے ہوئے ان کی حرکات و سکنات پر خصوصی نظر بھی رکھنے کا حکم دیا ہے اس حوالے سے اسلام آباد انتظامیہ پہلے ہی وفاقی حکومت کو جماعت الدعوۃکے طبی و تدریسی مراکز اپنی تحویل میں لے کر مکمل کوائف فراہم کر چکی ہے۔اسلام آباد ڈپٹی کمشنر کیپٹن (ر) مشتاق احمد نے نجی ٹی وی کو بتایا کہ آئی سی ٹی نے ڈسپنسری کا انصرام سنبھالتے ہوئے زیرتحویل تین ایمبولینس ہلالِ احمر کے حوالے کردی ہیں۔انہوں نے بتایا کہ حکومت کی ہدایت پر مدارس، اسکول اور طبی مراکز کا کنٹرول حاصل کرلیا تاہم جماعت الدعوۃ کے زیر انتظام مساجد کے حوالے سے کوئی احکامات موصول نہیں ہوئے۔ڈپٹی کمشنر کے مطابق جماعت الدعوۃ کی جانب سے گزشتہ ہفتے چندہ جمع کرنے پر تین مختلف پولیس اسٹیشن میں مقدمات درج ہوئے تاہم آئی 8 میں مسجد کے اندر کوئی سرگرمیاں جاری نہیں ہیں۔کیپٹن (ر) مشتاق احمد نے بتایا کہ اسلام آباد کے اندر جماعت الدعوۃ کے زیر انتظام کوئی اسکول یا مدرسہ قائم نہیں۔پنجاب حکومت کے حکم نامے پر عملدرآمد کرتے ہوئے راولپنڈی ضلعی انتظامیہ نے چھاکرا روڈ پر قائم جماعت الدعوۃ کے مدرسے ‘حدبیبہ مدرسہ’ اپنی تحویل میں لے کر مدرسے کے انتظام و انصرام محکمہ اوقاف کے حوالے کردیا جبکہ ضلعی انتظامیہ نے فلاحِ انسانیت فاؤنڈیشن کے تحت چلنے والی چار طبی مراکز کا کنٹرول اپنے ہاتھ میں لے لیا ہے۔محکمہ اوقاف کے ایڈمنسٹریٹر زاہد اقبال نے بتایا کہ شہر میں جماعت الدعوۃکی متعدد مساجد ہیں لیکن حکومت صرف مدارس اور ڈسپنسری کے انتظام پر اپنا کنٹرول چاہتی ہے۔انہوں نے بتایا کہ بیشتر سرگرمیاں مدارس، اسکول اور طبی مراکز پر منعقد ہوتی ہیں اس لیے مساجد کو چھوڑ کر راولپنڈی میں قائم تمام مدارس پر کنٹرول ہے۔