ملک میں کھیلوں کے فروغ کیلئے حکومت اور کارپوریٹ سیکٹر جوائنٹ ونچر کرے‘ فہیم مختار بٹ

 
0
300

لاہور فروری 18 (ٹی این ایس)ڈیسکون سپورٹس ونگ کے انچارج فہیم مختار بٹ نے کہا ہے کہ ملک میں کھیلوں اور انکے ذریعے صحتمندانہ سر گرمیوں کو فروغ دینے کیلئے حکومت اور کارپوریٹ سیکٹر جوائنٹ ونچر کیلئے پیشرفت کریں ،کرکٹ اور ہاکی سمیت دیگر کھیلوں کی لیگز کا انعقاد کیا جانا چاہیے اور اس کے ذریعے کھلاڑیوں کی سر پرستی بھی ہو سکے گی ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے کرکٹ کلبز کے نمائندوں سے ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ فہیم مختار بٹ نے کہا کہ ڈیسکون کی جانب سے حال ہی میں کارپوریٹ سیکٹر کی ٹیموں کے درمیان کرکٹ لیگ کا انعقاد کیا گیا ہے جس سے صحتمندانہ سر گرمیوں کو فروغ حاصل ہوا ۔پنجاب حکومت کھیلوں کی سر گرمیوں کے فروغ کے لئے بے پناہ اقدامات کر رہی ہے اور ہماری درخواست ہے کہ کارپوریٹ سیکٹر کے ساتھ جوائنٹ ونچر کیا جائے جس سے ان اقدامات کے بہتر نتائج حاصل ہو سکیں گے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں کرکٹ او رہاکی سمیت ہر طرح کے کھیلوں کا بے پناہ ٹیلنٹ موجود ہے ۔ان کھیلوں کی لیگز کے انعقاد سے جہاں کھیلوں کی سر گرمیوں کو فروغ حاصل ہوگا وہیں بہترین کھلاڑیوں کو حکومت اور کارپوریٹ سیکٹر کی سرپرستی بھی میسر آسکے گی ۔انہوں نے کہا کہ اس سلسلہ میں تجاویز مرتب کر رہے ہیں جنہیں جلد حکومت کو ارسال کیا جائے گا ۔