دنیا میں فساد اور بگاڑ کی جڑ اللہ کے دیئے ہوئے نظام کو تسلیم نہ کرنا ہے‘عبدالغفار روپڑی

 
0
452

لاہور فروری 18(ٹی این ایس )جماعت اہلحدیث پاکستان کے امیرحافظ عبدالغفارروپڑی نے کہا ہے کہ بھارت اسرائیل اتحادخطے میں امن کیلئے شدید خطرہ ہے،امریکہ اسرائیل اور بھارت کی تکون انسانی خون سے بھری نظر آتی ہے ۔گزشتہ روز مرکزی دفتر میں پنجاب کے عہدیداروں کے ایک وفد سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ اسرائیل کے ہاتھ ہزاروں بے گناہ فلسطینیوں اور انڈین آرمی کے ہاتھ ہزاروں بے گناہ کشمیریوں کے خون سے آلوہ ہیں، کسی ایک گروہ کو سیاسی مفادات کے حصول کے لئے نوازنے کے لئے سپیکر ایکٹ میں ترمیم قابل قبول نہیں۔ انہوں نے کہا کہ دنیا میں فساد اور بگاڑ کی جڑ اللہ کے دیئے ہوئے نظام کو تسلیم نہ کرنا ہے۔مسلمان ملکوں میں سازش کے تحت سیکولرازم اور لبرل ازم کو پروان چڑھایا جارہا ہے۔انہوں نے کہا کہ مسلم امہ کی اصلاح کیلئے زبردست تحریک اٹھانے کی ضرورت ہے۔ مسلمان اپنے مسائل حل کرنے کیلئے بیرونی قوتوں کی طرف دیکھنا چھوڑ دیں۔ مسلم خطوں و علاقوں کو درپیش مسائل انہیں خود حل کرنے ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کلمہ طیبہ کی بنیاد پر حاصل کیا گیا‘ حکمران اسلامی اصولوں کے مطابق سیاسی، معاشی و معاشرتی پالیسیاں ترتیب دیں۔