برطانیہ اور فرانس کا ایران سے حوثیوں کی امداد فوری روکنے کا مطالبہ

 
0
312

پیرس فروری 20(ٹی این ایس)فرانس اور برطانیہ نے ایران کی طرف سے یمن کے حوثی باغیوں کو امداد کی فراہمی اور انہیں اقتدار پر مسلط کرنے کی سازشوں کو روکنے کا مطالبہ کیا ہے۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق برطانوی وزارت خارجہ کی طرف سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا کہ ایران کی یمن میں مداخلت سے معاملات مزید خراب ہو رہے ہیں۔ ایران کو یمنی باغیوں کو اسلحہ اور میزائل ارسال کرنے کا سلسلہ بند کرتے ہوئے یمن کے حوالے سے اپنی قراردادوں کی پابندی کرنا ہوگی۔ادھر فرانسیسی وزارت خارجہ نے عرب خطے میں بڑھتی توسیع پسندانہ سرگرمیوں اور بیلسٹک میزائلوں پر گہری تشویش کا اظہار کیا ۔فرانسیسی وزارت خارجہ کی طرف سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ خطے میں ایرانی سرگرمیاں تشویش کا باعث ہیں۔ بیان میں ایرانی سرگرمیوں سے شام اور یمن میں ایران کی مداخلت کی جانب اشارہ کرتے ہوئے تہران کو اپنے توسیع پسندانہ عزائم ختم کرنے پر زور دیا ہے۔فرانسیسی حکومت نے ایران کے متنازع جوہری پرگرام پر طے پائے بین الاقوامی معاہدے کی پاسداری کرنے کے عزم کا اعادہ کیا اور کہا کہ پیرس دیگر یورپی ملکوں کے ساتھ مل کر ایران کے ساتھ طے پائے معاہدے کو نافذ کرنے کی کوششیں جاری رکھے گا۔