مجھے کیوں نکالا کا سوال پرانا ہو گیا، نواز شریف جلد مجھے اڈیالہ کیوں ڈالا کی گردان شروع کرینگے ، میاں محمودالرشید

 
0
331

لاہور، فروری 21 (ٹی این ایس): پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر میاں محمودالرشید نے سپریم کورٹ نے نوازشریف کو پارٹی صدارت سے ہٹا کر نئے پاکستان کی بنیاد رکھ دی، ملک کو ترقی سے روکنا اب ممکن نہیں۔ عدالتی فیصلے پر اپنے ردعمل میں میاں محمودالرشید نے کہا کہ مجھے کیوں نکالا کا سوال پرانا ہو گیا، نواز شریف جلد مجھے اڈیالہ کیوں ڈالا؟ کی گردان شروع کریں گے، جیل میں کوئی اور نہیں نواز شریف کے مشقتی دانیال اور طلال استقبال کرینگے، اداروں کیخلاف زہر اگلنے والا ہر فرد ملک کا غدار ہے اور ایسے شخص کا ٹھکانہ جیل کے سوا کوئی اور نہیں۔

میاں محمودالرشید نے کہا کہ خارجی محاذ پر ہم بری طرح ناکام رہے، یورپ تو دور ناقص حکومتی پالیسیوں کے باعث برادر اسلامی ملک بھی پیچھے ہٹنے لگے ہیں، شریف برادران نے سارے وسائل اپنی ذات پر خرچ کئے ، ملک کو بنانا سٹیٹ بنا دیا، قانون کو لونڈی بنا کر رکھنے والے ان جعلی خادموں سے سوال پوچھتا ہوں انہوں نے نظریاتی اعتبار سے ملک کیلئے کیا کیا؟ ایسا کیا کام کیا جس سے پاکستان کو دنیا میں پزیرائی حاصل ہوئی ہو۔ میاں محمودالرشید نے شہباز شریف کو بھی شدید تنقید کا نشانہ بنایا۔ا نہوں نے کہاکہ شرم آنی چاہئے ان حکمرانوں کو، ہر جلسے میں سڑکوں کا جال بچھانے والے فنکار اعلیٰ بتائیں انہوں نے سڑکیں بچوں کو جننے کیلئے بنائیں؟ قبل ازیں میاں محمودالرشید نے نواز شریف کو پارٹی صدارت سے ہٹانے کے فیصلے پر اپنے دفتر واقع علامہ اقبال ٹاؤن میں مٹھائی تقسیم کی، اس موقع پر کارکنوں کی بڑی تعداد نے سپریم کورٹ کے حق میں نعرے بازی بھی کی۔