بلاول بھٹو کی زیر صدارت پارٹی رہنماؤں کا اجلاس ،سپریم کورٹ کے فیصلے ،لودھراں ضمنی انتخاب سمیت دیگر امور پر تبادلہ خیال

 
0
445

لاہور، فروری 21 (ٹی این ایس):پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو کی زیر صدارت پارٹی رہنماؤں کا اجلاس ہوا جس میں سپریم کورٹ کے فیصلے ،لودھراں کے ضمنی انتخاب کے نتائج اورپارٹی امور سمیت دیگر معاملات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا ۔

بلاول ہاؤس لاہور میں منعقد ہونے والے اجلاس میں پنجاب کے صدر قمر زمان کائرہ ، جنرل سیکرٹری چوہدری منظور اورمصطفی نواز کھوکھر سمیت دیگر رہنماؤں نے شرکت کی ۔بتایا گیا ہے کہ اجلاس میں سپریم کورٹ کے گزشتہ روز آنے والے فیصلے پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا ۔ پارٹی چیئرمین اور رہنماؤں نے صوبے میں جلسوں کے معاملے اور تنظیم سازی کے حوالے سے ہونے والی پیشرفت پر بھی تبادلہ خیال کیا ۔ اجلاس کے دوران بلاول بھٹونے خالی عہدوں پر جلد نامزدگیوں کا فیصلہ بھی کیا ۔بتایاگیا ہے کہ بلاول بھٹو نے پنجاب کی قیادت کو صوبے میں سیاسی سرگرمیاں تیز کرنے کی بھی ہدایت کی ۔بلاول بھٹو نے رہنماؤں سے لودھراں کے ضمنی انتخاب کے نتیجے کے حوالے سے بھی پوچھا اور حقائق جاننے کیلئے کمیٹی بنانے کا بھی اعلان کیا جو شکست کی وجوہات کا جائزہ لے کر اپنی رپورٹ پیش کرے گی ۔