دنیا بھر میں نفرت بھری سیاست میں اضافہ ہوا، ایمنسٹی انٹرنیشنل

 
0
389

نیویارک فروری 22(ٹی این ایس)انسانی حقوق کی بین الاقوامی تنظیم ایمنسٹی انٹرنیشنل نے کہاہے کہ دنیا بھر میں نفرت بھری سیاست میں واضح اضافہ ہوا ہے۔ گزشتہ برس ستائیس ممالک میں انسانی حقوق کے لیے فعال تین سو بارہ کارکنوں کو قتل بھی کر دیا گیا۔ غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق گزشتہ روز ایمنسٹی نے اپنی ایک سالانہ رپورٹ میں کہا کہ عالمی سطح پر پریشان کن ریاستی رویوں کی وجہ سے پھیلنے والی یہی نفرت انگیز سیاست، اقلیتوں کے خلاف مسلسل بڑھتے ہوئے امتیازی سلوک کی وجہ بنی۔ ایمنسٹی کے سربراہ سلیل شیٹی نے برطانوی دارالحکومت لندن میں اپنی تنظیم کی سالانہ رپورٹ جاری کرتے ہوئے کہا کہ سال 2017کے دوران اہم بین الاقوامی سیاسی شخصیات نے اپنے فیصلوں کے ذریعے سماجی نفرت اور خوف کے ماحول کو تقویت دی۔ اس رپورٹ میں دنیا کے قریب ایک سو ساٹھ ممالک میں انسانی حقوق کی مجموعی صورت حال کا جائزہ لیا گیا ہے۔ گزشتہ برس ستائیس ممالک میں انسانی حقوق کے لیے فعال تین سو بارہ کارکنوں کو قتل بھی کر دیا گیا۔