نواز شریف ،مریم نواز ،شاہد خاقان عباسی سمیت دیگر کیخلاف توہین عدالت کی درخواست پر سماعت 28فروری تک ملتوی

 
0
313

لاہور فروری 22(ٹی این ایس) لاہور ہائیکورٹ نے سابق وزیراعظم محمد نواز شریف ،مریم نواز اور وزیراعظم شاہد خاقان عباسی سمیت دیگر کے خلاف توہین عدالت کی درخواست پر پیمرا کو توہین عدالت کے مواد پر اجلاس طلب کرنے اور اس پر فیصلہ کر کے رپورٹ عدالت میں پیش کرنے کا حکم دے دیا ۔گزشتہ روز لاہور ہائیکورٹ کے مسٹر جسٹس شاہد کریم نے سماعت کی۔ درخواست آمنہ ملک نے ایڈووکیٹ اظہر صدیق کی وساطت سے دائر کی تھی جس میں موقف اختیار کیا گیا کہ نواز شریف ،ان کی صاحبزادی اور لیگی رہنما عدلیہ مخالف تقاریر کر رہے ہیں ۔سابق وزیراعظم نواز شریف مریم نواز اور وزیراعظم شاہد خاقان عباسی مسلسل عدلیہ مخالف تقاریر کر رہے ہیں۔پیمرا نواز سریف اور دیگر کی عدلیہ مخالف تقاریر کی نشریات روکنے کے کیے کوئی اقدامات نہیں کر رہی ۔ لہٰذا معزز عدالت سے استدعا ہے کہ عدالت پیمرا کو نواز شریف سمیت دیگر کی عدلیہ مخالف تقاریر نشر کرنے سے روکے اور توہین آمیز تقاریر نشر کرنے والے میڈیا ہاؤسز کا لائسنس بھی منسوخ کرنے کا حکم دیا جائے ۔ دوران سماعت پیمرا کے وکیل ایڈووکیٹ اعظم ضیا نے عدالت میں جواب داخل کروا تے ہوئے بتایا کہ نواز شریف ،مریم نواز اور دیگر لیگی رہنماؤں کے خلاف توہین عدالت کی درخواستیں شکایات کونسل میں موجود ہیں ،پیمرا شکایات کونسل کی ہدایات پر کارروائی عمل میں لائے گی ۔شکایات کونسل کی جانب سے تاحال کوئی ہدایات پیمرا کو موصول نہیں ہوئیں ۔ جس پر عدالت نے استفسار کیا کہ شکایات کونسل کو چھوڑیں یہ بتائیں پیمرا نے بطور اتھارٹی کیا کارروائی کی ۔ عدالت نے پیمرا کو توہین عدالت کے مواد پر اجلاس طلب کرنے اور اس پر فیصلہ کر کے رپورٹ پیش کرنے کا حکم دیتے ہوئے مزید سماعت 28 فروری تک ملتوی کر دی ۔