نابینا افراد کا سرکاری نوکریوں کا کوٹہ بڑھانے کیلئے متفرق درخواست پر چیف سیکرٹری پنجاب سمیت دیگر فریقین سے جواب طلب

 
0
304

لاہور فروری 22(ٹی این ایس) لاہور ہائیکورٹ نے نابینا افراد کا سرکاری نوکریوں کا کوٹہ بڑھانے کیلئے دائر متفرق درخواست پر چیف سیکرٹری پنجاب سمیت دیگر فریقین سے جواب طلب کر لیا ۔ گزشتہ روز لاہور ہائیکورٹ کے مسٹر جسٹس شجاعت علی خان نے جوڈیشل ایکٹویزم پینل کے سربراہ اظہر صدیق ایڈووکیٹ کی درخواست پر سماعت کی ۔ درخواست میں موقف اختیار کیا گیا کہ نابینا افراد کے لیے سرکاری نوکریوں کا کوٹہ نہ ہونے کے برابر ہے جس کی وجہ سے چار سال سے نابینا افراد نوکریوں کے لیے دربدر دھکے کھا رہے ہیں۔حکومت بنیادی ضروریات فراہم کرنے میں ناکام ہو چکی ہے اور میٹرو ٹرین سمیت دیگر غیر ضروری پراجیکٹ پر پیسے کا ضیاع کر رہی ہے۔ لہٰذا معزز عدالت سے استدعا ہے کہ سرکاری نوکریوں میں نابینا افراد کا کوٹہ بڑھایا جائے اور مال روڈ پر احتجاج کرنے والے نابینا افراد کو فوری نوکریاں دینے کے احکامات جاری کیے جائیں ۔ جس پر فاضل عدالت نے ابتدائی سماعت کے بعد چیف سیکرٹری پنجاب سمیت دیگر فریقین کو نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کر لیا ۔