منصفوں کو خوف خدا رکھتے ہوے جسٹس مشتاق کا انجام یاد رکھنا چاہئے‘وزیر اطلاعات آزاد کشمیر

 
0
420

مظفرآباد فروری 22(ٹی این ایس)آزادجموں وکشمیر کے وزیر اطلاعات،سیاحت و آئی ٹی راجہ مشتاق احمد منہاس نے کہا ہے کہ منصفوں کو خوف خدا رکھتے ہوے جسٹس مشتاق کا انجام یاد رکھنا چاہئے۔محمد نواز شریف مسلم لیگ کے قائد تھے،ہیں اور رہیں گے۔نااہلیاں، جلاوطنیاں،دھمکیاں،الزامات،سازشیں اور مقدمات محمدنواز شریف اور پاکستانی و کشمیری عوام کو ایکدوسرے سے دور نہیں کر سکتے۔نواز شریف ایک نظریہ بن چکا جو رہتی دنیا تک امر رہے گا۔اسلامی جمہوریہ پاکستان کو ایٹمی طاقت بنانے والا،موٹر ویز کے جال سے ملک کو جگمگانے والا،سی پیک کے ذریعے ملک میں خوشحالی لانے والامحمد نواز شریف چند سازشی افراد کے فیصلوں کا محتاج نہیں قوم سب جانتی ہے۔وزیر اطلاعات نے ان خیالات کا اظہار ایک نجی ٹی وی کو انٹرویو میں کیا۔راجہ مشتاق احمد منہاس نے کہا کہ اس ملک میں جمہوریت کے خلاف طرح طرح سے سازشیں کی گئیں،پارلیمینٹ کو بے توقیر کیا گیا،لوگوں کے حق حکمرانی کو صلب کیا گیا مگر عوام نے کبھی ان سازشوں اور فتنوں کو کامیاب نہیں ہونے دیا۔انہوں نے کہا کہ اب بھی پرانے بازی گر نئے جال لیکر پارلیمینٹ کی طرف بڑھ رہے ہیں اور اس بار ان کا ہدف پاکستان کا مقبول ترین رہنماء اور کروڑوں عوام کے دلوں کی دھڑکن محمد نواز شریف ہے مگر مجھے پورا یقین ہے کہ سازشیوں اور مہروں کو ایک مرتبہ پھر منہ کی کھانی پڑے گی اور محمد نواز شریف اللہ تعالی کے فضل و کرم سے پھر سرخرو ہوں گے۔انہوں نے کہا کہ اگر کسی کے ذہن میں یہ ہے کہ مسلم لیگ ن کے شیر دب جائیں گے تو یہ اس کی خام خیالی ہے مسلم لیگی شیر اب نئے جذبے، نئی امنگ اور نئی توانائیوں کے ساتھ اپنے قائد محمد نوا شریف کا پرچم تھام کر میدان میں نکلیں گے اور جمہوریت دشمن قوتوں کو اپنے ووٹ کی طاقت سے نکال باہر کریں گے۔انہوں نے کہا کہ ہم حضرت قائداعظم اور حضرت علامہ اقبال کے افکار و نظریات کے پیروکارہیں جن کے نظریات کا علم اب محمد نواز شریف کے پاس ہے۔وزیر اطلاعات نے واضح کیا کہ قومیں اور جماعتیں کڑے وقت میں اتحاد و۔یگانگت کے ذریعے بڑے سے بڑے بحران کو پرے دھکیل دیتی ہیں،مسلم لیگ ن کا ہر شیر خود کو تیار رکھے اور اپنے حق حکمرانی کے لئے میدان میں ڈٹ کر کھڑا رہے۔