چیف سیکرٹری کی سربراہی میں بیورو کریسی کے اعلیٰ افسران کی  وزیر اعلیٰ کیساتھ ملاقات 

 
0
284

سابق ڈی جی ایل ڈی اے احد خانہ چیمہ کی گرفتاری پر اپنی تشویش سے آگاہ کیا ،تشویش پر مبنی قرارداد بھی پیش کی
لاہور ،فروری 23 (ٹی این ایس):
وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف سے چیف سیکرٹری کیپٹن (ر) زاہد سعید کی سربراہی میں بیورو کریسی کے اعلیٰ افسران نے ملاقات کر کے سابق ڈی جی ایل ڈی اے احد خانہ چیمہ کی گرفتاری پر اپنی تشویش سے آگاہ کیا ۔ ماڈل ٹاؤن میں ہونے والی ملاقات میں وزیر قانون پنجاب رانا ثنا اللہ خان ، آئی جی پنجاب کیپٹن (ر) عارف نواز خان اورایڈیشنل چیف سیکرٹر ی سمیت دیگر اعلیٰ افسران موجود تھے ۔

بتایا گیا ہے کہ چیف سیکرٹری نے افسران کی نمائندگی کرتے ہوئے وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف کو قرار دادپیش کی جس کے متن میں کہا گیا کہ نیب کی جانب سے احد چیمہ کی گرفتاری سے افسران میں تشویش پائی جاتی ہے اورافسران خود کو غیر محفوظ تصور کررہے ہیں۔قرار داد میں مزید کہا گیا کہ نیب کی جانب سے اس طرح گرفتار کرنے کامطلب ہراساں کرنا ہے ،نیب قانون کے دائرے میں رہ کر شفاف طریقے سے کام کرے ۔وفاقی اورپنجاب حکومت افسران کے تحفظ کیلئے اقداما ت کرے ۔پنجاب کی بیورو کریسی نے چیف جسٹس آف پاکستان سے بھی از خود نوٹس لینے کی اپیل کی ہے ۔