لاہور مارچ 8(ٹی این ایس)سپریم کورٹ نے پیرا گون سٹی کے معاملے میں وفاقی وزیر ریلویزخواجہ سعد رفیق کو 10مارچ کو طلب کر تے ہوئے حکم دیا ہے کہ خواجہ سعد رفیق خود پیش ہو کر وضاحت کریں کہ انکا پیراگون کمپنی کے ساتھ کیا تعلق ہے۔چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس میاں ثاقب نثار کی سربراہی میں جسٹس اعجازالاحسن اور جسٹس عمر عطا بندیال پر مشتمل تین رکنی بینچ نے لاہور رجسٹری میں ایل ڈی اے سٹی از خود نوٹس کیس کی سماعت کی۔ ڈائریکٹر جنرل ایل ڈی اے اور دیگر اعلیٰ حکام عدالت میں موجود تھے۔ طلبی کے نوٹس پر پیرا گون کمپنی کی جانب سے بریگیڈئر (ر)مجید ریاض پیش ہوئے۔ چیف جسٹس پاکستان نے ریمارکس دیئے کہ ہم نے مالکان کو بلایا ہے ملازمین کو نہیں بلایا۔ سماعت کے دوران چیف جسٹس نے استفسار کیا کہ کس قانون کے تحت ایل ڈی اے سٹی کا ماڈل بنایا گیا، اربن ڈویلپمنٹ کمپنی کا ٹھیکہ کس کس کو دیا گیا؟۔ جس پر ڈی جی ایل ڈی اے نے بتایا کہ اربن ڈویلپمنٹ کمپنی کے مالک طاہر جاوید کو ٹھیکہ دیا گیا۔ فاضل بنچ نے اس سلسلہ میں نیب کے تفتیشی افسر کو بھی طلب کر لیاجبکہ خواجہ سعد رفیق کو بھی طلب کرتے ہوئے سماعت 10مارچ تک ملتوی کردی گئی ۔