حکومت کا سودی بینکاری نظام سے متعلق فیصلے کے خلاف درخواست واپس لینے کا اعلان خوش آئند ہے ، قبلہ ایاز

 
0
70

اسلامی نظریاتی کونسل کے چیئرمین ڈاکٹر قبلہ ایاز نے وفاقی حکومت کی طرف سے سودی نظام کے خاتمے کے متعلق وفاقی شرعی عدالت کے فیصلے کے خلاف کی جانے والی اپیل واپس لینے کے اعلان کا خیر مقدم کیا ہے۔وفاقی حکومت کی طرف سے معیشت کو اسلامی خطوط پر چلانے کا عزم اور وفاقی شرعی عدالت کے فیصلے کی روشنی میں معیشت سے سود کے خاتمے کے لیے مزید التوا سے بچنا ایک قابل تحسین قدم ہے۔ انہوں نے کہا کہ جب وفاقی شرعی عدالت کا فیصلہ آیا تو اسلامی نظریاتی کونسل نے اس وقت بھی اس فیصلے پر عمل درآمد کے لیے عملی خاکہ مرتب کرنے میں تعاون کی پیش کش کی تھی۔ڈاکٹر قبلہ ایاز نے کہا کہ وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار کی طرف سے وفاقی شرعی عدالت کے فیصلے کے خلاف سٹیٹ بینک اور نیشنل بینک کی اپیلوں کو واپس لینے کا اعلان خوش آئند ہے۔اسلامی نظریاتی کونسل توقع رکھتی ہے کہ وفاقی حکومت نجی بینکوں کو بھی درخواست واپس لینے کے لیے اپنے اثر ورسوخ کو استعمال کرے گی۔ڈاکٹر قبلہ ایاز نے اسلامی نظریاتی کونسل کی طرف سیاس سلسلے میں تعاون کی پیش کش دہراتے ہوئے کہا کہ ملکی معیشت سے سود کے خاتمے کے اس شرعی، آئینی اور قانونی اقدام کو عملی جامہ پہنانے کے لیے وفاقی حکومت جونہی کونسل سے رجوع کرے گی کونسل دیگر متعلقہ اداروں کے ساتھ مل کر اس کا عملی خاکہ مرتب کرنے سمیت ہر مرحلے پر تعاون کرے گی۔