حوثیوں کی ایرانی پشت پناہی کے مزید شواہد جلد جاری کریں گے،سعودی اتحاد

 
0
295

ریاض، مارچ19(ٹی این ایس):سعودی عرب کی قیادت میں یمن میں جاری حوثی بغاوت کچلنے کے لیے سرگرم عرب اتحادی فوج نے باور کرایا ہے کہ وہ عنقریب حوثی باغیوں کو ایران کی طرف سے اسلحہ کی سپلائی کے مزید شواہد بھی جاری کرے گی۔عرب ٹی وی کے مطابق عرب اتحاد کے ترجمان کرنل ترکی المالکی نے ایک بیان میں کہا کہ وہ یمنی حوثیوں کی ایرانی پشت پناہی کے مزید ٹھوس شواہد جاری کریں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ ایران حوثیوں کو اسلحہ اور بیلسٹک میزائل اسمگل کرنے کا سلسلہ جاری رکھے ہوئے ہے جس کے باعث پورے عرب خطے کی سلامتی داؤ پر لگ چکی ہے اور عالمی امن کو بھی خطرات لاحق ہیں۔ترجمان کا کہنا تھا کہ حوثی شدت پسند الحدیدہ بندرگاہ میں لنکر انداز ہونے والے بحری جہازوں کو بارود سے بھری کشتیوں کی مدد سے اڑانے کی کوششیں کررہا ہے اور اس مذموم مقصد کے لیے حوثیوں کو آلہ کار کے طور پراستعمال کیا جا رہا ہے۔ترجمان کا کہنا تھا کہ پانچ فروری 2018ء تک حوثی باغیوں کی طرف سے ایران کے فراہم کردہ 95 بیلسٹک میزائل سعودی عرب پر داغے تھے۔