ممبر ایڈمن سی ڈی اے محمد یاسر پیر زادہ کی درخواست پر قرآن مجید کے انتہائی نادر اور نایاب سو(100)نسخے فیصل مسجد کو ہدیہ کر دیئے گئے

 
0
704

اسلام آباد، مارچ 20 (ٹی این ایس): ممبر ایڈمن سی ڈی اے محمد یاسر پیر زادہ کی درخواست پر قرآن مجید کے انتہائی نادر اور نایاب سو(100)نسخے فیصل مسجد کو ہدیہ کر دیئے گئے،ہدیہ کئے گئے سو نادر اور نایاب نسخے دو سو سے سات سو سال پرانے ہیں جو کہ عوام الناس کے لئے فیصل مسجد میں رکھے جائیں گے۔

ممبر ایڈمن سی ڈی اے محمد یاسر پیر زادہ کی درخواست پر مذکورہ سو نسخے پروفیسر زاہد بٹ نے فیصل مسجد میں رکھنے کے لیئے سی ڈی اے کے حوالے کئے ہیں ،ممبر ایڈمنسٹریشن سی ڈی اے محمد یاسر پیر زادہ کی ہدایت پر فیصل مسجد کی انتظامیہ نے قرآن مجید کے ان سو نسخوں کو رکھنے کے لئے کام شروع کر دیا ہے،ممبر ایڈمنسٹریشن سی ڈی اے محمد یاسر پیر زادہ نے کہا ہے کہ اسلام آباد کے شہریوں کے لئے فیصل مسجد میں سو نادر قرآن مجید کے نسخوں کا انتظام کیا گیا ہے اور انتظامات مکمل ہونے کے بعد اگلے دس  روز تک ان نسخوں کی زیارت کے لئے عوام فیصل مسجد آ سکیں گے ،ان نادر نسخوں کے ہمراہ خطاطی کے مزید نمونے بھی شہریوں کے لئے فیصل مسجد میں رکھے جائیں گے۔

سی ڈی اے کے ممبر ایڈمن محمد یاسر پیر زادہ نے ان قرآنی نسخوں کو اسلام آباد کے شہریوں کے لئے بہت قیمتی تحفہ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ ملک بھر سے روزانہ ہزاروں کی تعداد میں فیصل مسجد دیکھنے آتے ہیں جبکہ رمضان المبارک میں اسلام آباد/راولپنڈی کے ہزاروں شہری فیصل مسجد نماز تراویح کے لئے آتے ہیں اور ہر سال رمضان المبارک کے آخری تین دنوں میں ختم قرآن پاک کا انعقاد بھی کیا جاتا ہے اور لوگوں کی بہت بڑی تعداد فیصل مسجد میں اعتکاف کی سعادت بھی حاصل کرتی ہے اس لئے ان نادر اور قلمی قرآنی نسخوں سے لاکھوں افراد مستفید ہوں گے ،ممبر ایڈمنسٹریشن محمد یاسر پیر زادہ نے متعلقہ شعبوں کو خصوصی ہدایات کی ہیں کہ ان قیمتی نسخوں اور  خطاطی کے نادر نمونوں کی حفاظت کے لئے خصوصی اقدامات کئے جائیں تاکہ ان قیمتی اور نادر قرآنی نسخوں کی حرمت کو یقینی بنایا جاسکے۔واضح رہے کہ ممبر ایڈمنسٹریشن محمد یاسر پیر زادہ اس سے قبل بھی اسلام آباد کی معروف شاہراہوں کو ادیبوں ،دانشوروں،شاعروں اور مشہور شخصیات کے نام سے منسوب کرنے میں بھی ممبر ایڈمنسٹریشن محمد یاسر پیر زادہ نے خصوصی کرادر ادا کیا ہے۔