پاکستان کا بین الاقوامی تعاون ہم آہنگی اور امن کے فروغ کی ضرورت پر زور

 
0
330

نیویارک مارچ 21(ٹی این ایس) اقوام متحدہ میں پاکستان کی مستقل نمائندہ ملیحہ لودھی نے بین الاقوامی تعاون، ہم آہنگی اور امن کو فروغ دینے کی ضرورت پر زور دیا ہے۔ اقوام متحدہ کے صدر دفتر میں نوروز کی خصوصی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سفیر ملیحہ لودھی نے کہاکہ اب جبکہ دنیا بھر میں عدم برداشت، پرتشدد شدت پسندی بڑھ رہی ہے اور بڑھتے ہوئے تنازعات سے دنیا بھر کو خطرات لاحق ہیں، ان حالات میں نوروز امید کی کرن ہے اور نئی شروعات کا پرامیدی پر مبنی پیغام ہے، ہم اس سے برداشت، مکالمے کے فروغ اور عوام کے درمیان مصالحت سے امن قائم کر سکتے ہیں۔انہوں نے نوروز کے پیغام کو اجاگر کرتے ہوئے کہاکہ ہزاروں سالوں سے عوام ثقافت، مذہب اور زبان سے قطع نظر اس دن کی اقدار کے تبادلہ اور عہد کیلئے اکھٹے ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ خوشحالی اور انصاف والی دنیا کیلئے برداشت کی اقدار، یک جہتی، ہم آہنگی اور اکھٹے مل کر کام کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہاکہ نوروز برادری کی علامت ہے کیونکہ اس روز رات اور دن کا دورانیہ برابر ہوتا ہے اور برابری کا یہ وہی جذبہ ہے جس کی بنیاد پر اقوام متحدہ بنائی گئی۔ تقریب میں مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ اس موقع پر اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انٹونیو گوئیٹرس کا پیغام بھی پڑھ کر سنایا گیا۔