سعودی پبلک پراسیکیوشن مملکت کے تمام صوبوں میں تحقیقاتی محکمے قائم کرے گا

 
0
317

الریاض, مارچ 22(ٹی این ایس) :سعودی عرب کے اٹارنی جنرل سعود بن عبداللہ المعجب نے تمام صوبوں میں ( بدعنوانیوں کی ) تفتیش اور تحقیقات کے لیے محکمے قائم کرنے کا اعلان کیا ہے۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق انھوں نے یہ اعلان صوبہ تبوک اور اس کے شہروں الواجح ، دوبا اور تیما میں پبلک پراسیکیوشن کی شاخوں کے حالیہ دورے کے بعد کیا ۔انھوں نے وہاں اپنے محکمے کے کام کی رفتار کا جائزہ لیا اور متعلقہ حکام سے پبلک پراسیکیوشن کی شاخوں کی ضرورت سے متعلق تبادلہ خیال کیا۔انھوں نے تبوک کے گورنر فہد بن سلطان بن آل سعود سے بھی ملاقات کی۔سعودی اٹارنی جنرل نے کہا کہ پبلک پراسیکیوشن کا محکمہ سرکاری اور نجی حقوق کے تحفظ کے لیے کوششیں جاری رکھے گا اور مملکت سے کرپشن کے مکمل خاتمے کے لیے بدعنوانیوں کے کیسوں کی تحقیقات کرے گا۔انھوں نے کہا کہ پبلک پراسیکیوشن کے دفاتر کرپشن کے خاتمے کے خواہاں کسی بھی فرد کا خیر مقدم کرتے ہیں۔ ملک کے مفاد میں پبلک پراسیکیوشن کی بہتری کے لیے کسی بھی قسم کی تجاویز اور سفارشات کا خیر مقدم کیا جائے گا۔