کراچی ،آئی جی سندھ کی زیر صدارت سی پی او میں اجلاس

 
0
404

کراچی ،مارچ 29(ٹی این ایس):آئی جی سندھ اے ڈی خواجہ کی زیرصدارت ہونیوالے ایک اجلاس میں کرائم ریکارڈ آفس (CRO) اور اسکے تحت جملہ ضروری امور وتفصیلات کا جائزہ لیا گیا۔اجلاس میں ایڈیشنل آئی جی کراچی،آئی جی جیلز سندھ، ڈی آئی جی ہیڈکوارٹرز سندھ، ڈی آئی جی آئی ٹی/ٹی اینڈ ٹی،ڈائریکٹر آئی ٹی سمیت زونل ڈی آئی جیز کراچی اور سندھ کی دیگر رینج کے ڈی آئی جیز نے شرکت کی۔

آئی جی جیلز اور تمام رینج کے ڈی آئی جیز نے اس موقع پر بتایا کہ جیلوں اور رینج میں سی آر او کے لئے باقاعدہ رومز کا قیام عمل میں لایا جاچکا ہے ۔جس پر آئی جی سندھ نے ہدایات دیں کے سی آر او رومز کے لئے جملہ ضروری آلات سامان اور فرنیچرز وغیرہ کی فراہمی کے اقدامات بھی جلد سے جلد یقینی بنائے جائیں۔ڈائریکٹرآئی ٹی نے دوران بریفنگ اجلاس کو بتایا کہ سی آر ایم ایس کے تحت62881جبکہ سی آر او کے تحت ابتک257702 کریمنلز ریکارڈ کوکمپیوٹرائزڈ کردیا گیا ہے اور یہ ریکارڈ تمام تھانہ جات، ایس ایس پیز دفاتر اور سی آئی اے پر مشتمل ہے ۔

انہوں نے بتایا کہ سندھ جیلز اور تمام تھانہ جات کا کریمنلز ریکارڈ سافٹ ویئر ایک ہوگا جوکہ باہم منسلک/آن لائن بھی ہوگا۔انہوں نے مزید بتایا کہ سندھ پولیس کے ساتھ پنجاب پولیس کا کریمنلز ریکارڈ دیٹا سسٹم جلد ہی ضم ہونے جارہا ہے اور اس حوالے سے آئی جی سندھ اور آئی جی پنجاب کے درمیان باقاعدہ مفاہمتی یاداشت بھی متوقع ہے ۔ جسکے بعد سندھ پولیس کے پاس ابتک اپ ڈیٹ کیا گیا دو لاکھ ستاون ہزارسات سو دو(257702) جبکہ پنجاب پولیس کے مطابق انکے پاس ابتک کا دستیاب دس لاکھ (1000000) کریمنلز کا ڈیٹا نا صرف باہم منسلک/آن لائن ہوجائیگا بلکہ اس کی بدولت کریمنلز کی گرفتاری یا دیگر ضروری معلومات اور ایسے کریمنلز تک دونوں صوبوں کی رسائی بھی مزید آسان ہوجائیگی۔