عراقی حزب اللہ سے تعلق کے الزام میں دو سعودیوں کو47 سال قید

 
0
308

ریاض، مارچ 29(ٹی این ایس):سعودی عرب کی ایک فوج داری عدالت نے دو سعودی شہریوں کو عراقی حزب اللہ نامی دہشت گرد تنظیم کے ساتھ تعلق ثابت ہونے پر47 سال قید کی سزا سنادی ،عرب ٹی وی کے مطابق دونوں ملزمان پر عراقی حزب اللہ میں شمولیت اختیار کرنے، ایران اور عراق میں عسکری تربیت حاصل کرنے، اسلحہ کے استعمال، بارود اور بموں کی تیاری اور سعودی عرب میں دہشت گردی کی کارروائیوں کی منصوبہ بندی جیسے الزامات عاید کیے گئے ہیں۔اس کے علاوہ ملزمان پر سعودی عرب میں انارکی اور افراتفری پھیلانے، سعودی عرب کی وحدت کو نقصان پہنچانے، ایک غیرملکی دہشت گرد تنظیم کیمذموم مقاصد کو آگے بڑھاتے ہوئے سعودی شہریوں کی جان ومال پرحملے کرنے اور دہشت گردی کی کارروائیوں کے لیے فنڈز حاصل کرنے کے الزامات بھی عاید کیے گئے ہیں۔پہلے ملزم کو 25 سال قید اور رہائی کے بعد 25 سال بیرون ملک سفر پر پابندی اور دوسرے ملزم کو 22 سال قید اور اتنا ہی عرصہ بیرون ملک سفر پر پابندی کی سزائیں سنائی گئی ہیں۔ دونوں کے موبائل فون ضبط کرلیے گئے ہیں۔ ملزمان کو ان سزاؤں کے خلاف اپیل کی گنجائش موجود ہے۔