بلوچستان کے اراکین صوبائی اسمبلی اور سینیٹرز نے بلوچستان عوامی پارٹی کے نام سے سیاسی جماعت بنا لی 

 
0
333

کوئٹہ، مارچ 29(ٹی این ایس): بلوچستان کے اراکین صوبائی اسمبلی اور سینیٹرز نے بلوچستان عوامی پارٹی کے نام سے سیاسی جماعت بنا لی ۔ کوئٹہ میں پریس کانفرنس کے دوران سعید احمد ہاشمی نے نئی سیاسی جماعت کا اعلان کیا اور کہا کہ ساتھی پارٹی کے آئین اور منشور پر کام کررہے ہیں، جنرل کونسل میں عہدیداروں کا اعلان کیا جائے گا اور نئے عہدیداروں کے چناؤ کے بعد پارٹی کوالیکشن کمیشن میں رجسٹرکرایا جائے گا۔سعید احمد ہاشمی نے بتایا کہ پارٹی الیکشن تک انوارالحق کاکڑ پارٹی کے مرکزی ترجمان ہوں گے۔اس موقع پر سینیٹر انوار الحق کاکڑ نے کہا کہ اب بلوچستان سے بلیک میلنگ کی صدا نہیں آئے گی ٗ ہمارے منشور میں معاشی اور سیاسی حقوق سر فہرست ہوں گے ان پر کوئی سمجھوتہ نہیں کریں گے، ہر جگہ عوام کے حقوق کی جنگ لڑتے نظر آئیں گے۔ذرائع کے مطابق نئی سیاسی جماعت (بلوچستان عوامی پارٹی) میں وزیراعلیٰ بلوچستان سمیت 32 اراکین صوبائی اسمبلی شمولیت اختیار کریں گے۔ذرائع نے بتایا کہ 6 سینیٹرز بھی نئی پارٹی میں شمولیت کا اعلان کریں گے۔واضح رہے کہ سابق وزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اللہ زہری کے خلاف تحریک عدم اعتماد کے نتیجے میں ان کے عہدے سے مستعفی ہونے کے بعد عبدالقدوس بزنجو رواں برس 13 جنوری کو صوبے کے وزیراعلیٰ منتخب ہوئے تھے۔پاکستان مسلم لیگ (ق) سے تعلق رکھنے والے عبدالقدوس بزنجو کو 51 ووٹوں میں سے 41 ووٹ حاصل ہوئے تھے۔