پنجاب کے 36اضلاع میں عوام کی مکمل راہنمائی فراہم کرنے کے لیے پنجاب فوڈ اتھارٹی نیوٹریشن کلینک قائم کرنے کا فیصلہ

 
0
344

مستند ماہرین غذا نیوٹریشن کلینک اور ٹیلی فون ہیلپ لائن پر عوام کی راہنمائی کریں گے

لاہور،مارچ 30(ٹی این ایس): پنجاب فوڈ اتھارٹی بورڈکے ستائیسویں اجلاس میں متوازن اور بہترین غذائیت کے حوالے سے عوام کی راہنمائی کے لیے پنجاب بھر کے 36اضلاع میں پنجاب فوڈ اتھارٹی نیوٹریشن کلینک قائم کرنے کی حتمی منظوری دے دی گئی۔تفصیلات کے مطابق پنجاب فوڈ اتھارٹی بورڈکے ستائیسویں اجلاس پنجاب فوڈ اتھارٹی ہیڈ آفس میں ہوا جس میں صوبہ بھر میں نیوٹریشن کلینک قائم کرنے کی منظوری دے دی گئی۔

کلینک پر موجود مستند ماہرین غذا متوازن اور بہترین غذائیت کے حوالے سے عوام کو راہنمائی فراہم کریں گے۔ماہرین غذا سے نیوٹریشن کلینک کے علاوہ ٹیلی فون ہیلپ لائن پر بھی مدد لی جا سکے گی۔چیرمین پنجاب فوڈ اتھارٹی بورڈ و ممبر صوبائی اسمبلی عامر حیات ہراج کی عدم موجودگی میں بورڈ اجلاس کی صدارت ممبر پنجاب فوڈ اتھارٹی بورڈ اوربگ برڈ گروپ کے چیرمین عبد الباسط نے کی ۔

ڈی جی پنجاب فوڈ اتھارٹی نورالامین مینگل اور دیگر بورڈ ممبران نے اجلاس میں شرکت کی۔ اجلاس میں پنجاب فوڈ اتھارٹی کے دیگر انتظامی امور بھی زیر بحث آئے ۔اجلاس کے بعد بورڈ ممبران نے پنجاب فوڈاتھارٹی کی فوڈ ٹیسٹنگ لیب اور ٹریننگ سکول کا بھی دورہ کیا۔بورڈ ممبران نے فوڈ ٹیسٹنگ لیب اور ٹریننگ سکول کے انتظامات پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے ڈی جی فوڈ اتھارٹی کی کاوشوں کی تعریف کی۔