یمنی حوثیوں کا سعودی عرب کے شہر ظہران پر بیلسٹک میزائل سے حملہ ناکام

 
0
329

ریاض ،03اپریل(ٹی این ایس):سعودی عرب کی فضائی دفاعی فورسز نے یمن کی شمالی گورنری صعدہ سے حوثی شیعہ باغیوں کے داغے گئے ایک اور بیلسٹک میزائل کو کسی ہدف تک پہنچنے سے پہلے ہی ناکارہ بنا دیا ۔عرب ٹی وی کے مطابق عرب اتحادی فوج کے ترجمان کرنل ترکی المالکی نے بتایا کہ فضائی دفاعی فورسز نے ایران کے حمایت یافتہ حوثی باغیوں کے چھوڑے گئے اس بیلسٹک میزائل کا سراغ لگایا تھا۔ یہ میزائل سعودی عرب کے جنوبی شہر ظہران کی جانب داغا گیا تھا۔ان کا کہنا تھا کہ اس سے جان بوجھ کر شہری علاقوں کو نشانہ بنانے کی کوشش کی گئی تھی لیکن سعودی فورسز کی بروقت کارروائی کے بعد یہ میزائل سعودی عرب کی جنوبی سرحد سے کوئی پونے دو کلومیٹر دور یمنی حدود ہی میں گر کر تباہ ہو گیا ہے۔کرنل ترکی المالکی نے اپنے اس مؤقف کا اعادہ کیاکہ حوثیوں کی یہ جارحانہ کارروائی اس بات کا ثبوت ہے کہ ایرانی رجیم نے ان کی فوجی صلاحیت میں اضافے کے لیے ہر طرح سے حمایت جاری رکھی ہوئی ہے اور وہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قرار دادوں 2216 اور 2231کی صریح خلاف ورز ی کا مرتکب ہور ہا ہے۔اس کے مہیا کردہ ان ہتھیاروں سے سعودی عرب کے علاوہ خطے کی سلامتی کے لیے بھی خطرات پیدا ہوچکے ہیں ۔ان کا کہنا تھا کہ یمنی حوثی بیلسٹک میزائلوں کے ذریعے گنجان آباد شہروں اور دیہات کو نشانہ بنانے کی کوشش کررہے ہیں اور یہ بین الاقوامی انسانی قانون کی صریح خلاف ورزی ہے۔