اسحاق ڈار کیخلاف ضمنی ریفرنس‘ شریک ملزمان پر فرد جرم عائد

 
0
357

اسلام آباد،05اپریل(ٹی این ایس):اسحاق ڈار کے خلاف اثاثہ جات ضمنی ریفرنس میں شریک ملزمان صدر نیشنل بینک سعید احمد، نعیم محمود اور منصور رضا پر فرد جرم عائد کر دی گئی۔ ملزمان نے صحت جرم سے انکار کر دیا۔احتساب عدالت میں سابق وزیر خزانہ کیخلاف آمدن سے زائد اثاثوں کے کیس کی سماعت ہوئی۔ کارروائی کے دوران جج محمد بشیر نے ریمارکس دیئے کہ سپریم کورٹ کا احترام ہے لیکن ابھی وہاں سے کوئی حکم نہیں آیا۔ جج محمد بشیر نے کہا ملزمان پر فرد جرم عائد کردیتے ہیں، کوئی حکم آیا تو یہ کارروائی ختم ہوجائے گی۔ عدالت نے 11 اپریل کو استغاثہ کے گواہ طلب کر لیے ہیں۔شریک ملزم منصور رضا رضوی نے گزشتہ سماعت پر ہونے والی بد مزگی پر عدالت سے غیر مشروط معافی مانگ لی۔ منصور رضا نے عدالت میں بیان دیتے ہوئے کہا جاوید اکبر شاہ اب میرے وکیل نہیں ہیں۔یاد رہے اسلام آباد ہائیکورٹ نے سعید احمد کی ضمنی ریفرنس خارج کرنے سے متعلق درخواست مسترد کر دی تھی۔