اسلام آباد ،بالائی پنجاب ، کے پی کے مختلف علاقوں اور کشمیر میں بارش سے موسم خوشگوار ہوگیا

 
0
2110

اسلام آباد ،08اپریل(ٹی این ایس):اسلام آباد ،بالائی پنجاب ، کے پی کے مختلف علاقوں اور کشمیر میں اتوار کو ہونے والی بارش سے موسم خوشگوار ہوگیا۔ جنوبی پنجاب، بلوچستان کے مختلف علاقوں اور بالائی سندھ میں بھی بارش کا امکان ہے، بارش کا یہ سلسلہ آئندہ دو روز تک جاری رہے گا۔اتوار کو محکمہ موسمیات کی جاری رپورٹ کے مطابق (آج) پیر کو خیبرپختونخوا، بالائی پنجاب، اسلام آباد، فاٹا، گلگت بلتستان اورکشمیر میں کہیں کہیں جبکہ ژوب، ساہیوال، ڈی جی خان، ملتان ڈویژن اور بالائی سندھ میں چندمقامات پر تیز ہواوں اور گرج چمک کیساتھ بارش کا امکان ہے جبکہ ملک کے دیگر علاقوں میں موسم گرم اور خشک رہے گا۔ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم خشک جبکہ وسطی اور جنوبی علاقوں میں گرم رہا، تاہم مالاکنڈ، ہزارہ ڈویژن اورکشمیر میں چند مقامات پر تیزہواوں اور گرج چمک کے ساتھ بارش ہوئی۔سب سے زیادہ بارش خیبرپختونخواکے علاقوں دیر 11، دوروش 10، کالام، پٹن 06، میرکھانی 05، پارہ چنار 04،بالاکوٹ، مالم جبہ3،کشمیر کے علاقوں مظفرآباد06 اور گڑھی دوپٹہ میں 02 ملی میٹر ریکارڈ کی گئی۔گزشتہ روز ریکارڈ کیے گئے گرم ترین مقامات کے درجہ حرارت شہید بینظیرآباد 45، پڈعیدن، دادو ،سکھر43،روہڑی، جیکب آباد، تربت، سکرنڈ، رحیم یارخان، لاڑکانہ، موہنجوداڑو میں42 ڈگری سینٹی گریڈریکارڈ کیا گیا۔