قومی کتاب میلہ کے آج آخری روز قائداعظم محمد علی جناح اور تحریک پاکستان کے حوالے سے سیمنیار ہوگا،صدرآزادکشمیر اختتامی تقریب کے مہمان خصوصی ہوں گے

 
0
110609

 میلہ میں ریکارڈ 132سٹالز لگائے گئے، 70سے زائدعلمی وادبی تقاریب منعقد ہوئیں، چین ، ترکی، ایران کے سٹالز میں عوام کی گہری دلچسپی 

اسلام آباد، اپریل 09 (ٹی این ایس): رنگا رنگ چار روزہ سالانہ قومی کتاب میلہ کی اختتامی تقریب پیر کو(آج) منعقد ہوگی۔ آزادجموں وکشمیر کے صدر سردار مسعود خان مہمان خصوصی ہوں گے۔ قومی تاریخ وادبی ورثہ کی سرپرستی میں نیشنل بُک فاﺅنڈیشن کے زیراہتمام نواں سالانہ قومی کتاب میلہ کے آخری روز دو اہم ترین تقاریب ہوں گے۔ صبح دس بجے بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناح اور تحریک پاکستان کے حوالے سے سیمنیار ہوگا جس کی صدارت منصوبہ بندی کمشن کے ڈپٹی چئیرمین سرتاج عزیز کریں گے جبکہ سینٹ میں قائد ایوان اور مسلم لیگ (ن) کے چئیرمین راجہ محمد ظفرالحق مہمان خصوصی ہوں گے۔ سیمینار سے سینیٹر مشاہدحسین سید، سینیٹر لیفٹیننٹ جنرل(ر) عبدالقیوم، پریس کونسل پاکستان کے چئیرمین ڈاکٹر صلاح الدین مینگل، اے پی این ایس کے نائب صدر مہتاب خان، سینئر صحافی خوشنودخان، جاوید صدیق، معروف دانشور ڈاکٹر ریاض احمد، نظریہ پاکستان فورم کے رہنما ظفربختاوری اور انجینئر محمد عارف خطاب کریںگے۔ شام پانچ بجے اختتامی تقریب ہوگی جس کے مہمان خصوصی صدرآزادکشمیر ہوں گے۔

کتاب میلہ چھ اپریل کو پاک چائنا فرینڈ شپ سینٹر اسلام آباد میں شروع ہواتھا جس میں ملک بھر سے لکھاری، شاعر اور ادیب شریک ہوئے۔ اسلام آباد کی مختلف شاہراہوں اور چوراہوں پر اہل علم وادب کی آمد پر خیرمقدمی بینرز آویزاں کئے گئے تھے جن پر مختلف شعرائ، ادیبوں اور اہل قلم کی تصاویر اُن کے ناموں کے ہمراہ چھاپی گئی تھیں۔ صدرمملکت ممنون حسین نے ’کتاب پرچم‘ لہراکر میلے کا آغاز کیاتھا۔ میلے کا عنوان ’کتابوں کی دنیا سلامت رہے‘ رکھاگیا تھا۔ اس سال میلے میں 132ریکارڈ تعداد میں سٹالز لگائے گئے جبکہ 110 نجی ناشرین نے حصہ لیا۔ میلے کے دوران ادب، سائنس، ٹیکنالوجی، حالات حاضرہ، تاریخ، حکمت ودانائی، فلسفہ، سوانح، سفرناموں اور دینی علوم سمیت ہر موضوع پر کتب موجود تھیں جن میں عوام نے گہری دلچسپی لی۔ 10 فیصد، 25 فیصد،33 فیصد، 40 فیصد اور 55 فیصد رعایتی قیمت پر کتب فروخت کی گئیں۔ عوام نے دوست ممالک چین، ترکی اور ایران کی طرف سے لگائے گئے سٹالز میں بھی گہری دلچسپی لی۔ میلے میں 70سے زائد مختلف ادبی سرگرمیاں منعقد ہوئیں۔ ان میں کتاب خوانی، علم وادب سے متعلق مختلف موضوعات پر کانفرنسیں، ورکشاپس، ،مذاکرے اور دیگرپروگرام شامل تھے۔ بچوں کے لئے کڈزریپبلک، گوگی شو،کوئز سیشن، تخلقی نگارشات کامقابلہ، بُک کلرنگ، ٹیبلو اور کتاب کہانی جیسی سرگرمیوں میں خواتین اور بچوں کی بڑی تعداد نے حصہ لیا اور ان تقریبات میں گہری دلچسپی لی۔ میلے میں خطاطی ورکشاپ کا بھی اہتمام کیاگیا تھا جہاں طلبہ وطالبات کو خطاطی کے اصول وضوابط سکھائے گئے۔ پاک چائنا کوریڈور اور توانائی وآبپاشی سیکٹر، علامہ اقبال اور جدید دور، اردو افسانہ اور عصری حسیت، افسانوی مجموعوں کی روشنی میں، کتب تاریخ اور تاریخ نویسی کافن، تدریس قرآن بطور نصاب، ڈرامہ، زندگی اور کتاب، پاکستانی کتابوں کا تصنیفی ادب سمیت دیگر موضوعات پر تقاریب اور مذاکرے بھی میلے کی رونق دوبالا کرتے رہے۔ میلے میں آنے والے افراد کو لکی بُک ڈراکے ذریعے مفت کتابیں انعامات کے طورپر دی گئیں۔ ریڈرز بُک کلب، موبائل بُک شاپ، ماڈل لائبریری میں بھی میلے کے شرکاءنے خصوصی دلچسپی لی۔

مشیر وزیراعظم برائے قومی تاریخ وادبی ورثہ عرفان صدیقی ہمہ وقت میلے میں موجود رہے اورعلمی وادبی تقاریب میں حصہ لینے کے علاوہ مختلف انتظامات کی خود نگرانی بھی کرتے رہے۔ مشیر وزیراعظم کی ہدایت پر اس مرتبہ شکایات اور مانیٹرنگ سیل بھی قائم کیاگیا جہاں عملہ ہمہ وقت موجود رہا تاکہ میلے کے شرکاءکی معاونت اور سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنائے۔ فری میڈیکل کیمپ، موٹروے پولیس ڈیسک بھی میلے میں قائم کئے گئے تھے۔ عوام نے موٹر وے ڈیسک میں بھی خصوصی دلچسپی لی اور بچوں نے پولیس موٹرسائیکلز پر بیٹھ کر تصاویر بھی بنوائیں۔میلے میں نئی تصنیف ہونے والی کتابوں کی تقاریب رونمائی بھی منعقد ہوئیں۔ مشیروزیراعظم بیرسٹرظفراللہ خان، فاروق عادل کی کتب کی تقاریب رونمائی میں بڑی تعداد میں شاعروں، ادیبوں اور لکھاریوں کے علاوہ عوام نے حصہ لیا۔ چار روزہ میلے کے دوران تمام شعبہ ہائے زندگی اور عمر سے تعلق رکھنے والے افراد کی آمد کا تانتا بندھارہا۔ تعطیلات کے دنوں میں اسلام آباد، راولپنڈی اور گردونواح کے علاقوں سے فیمیلیز نے بھی میلے میں شرکت کی اور میلے میں کئے جانے والے انتظامات کو سراہا۔ میلے کے شرکاءنے مشیر وزیراعظم عرفان صدیقی اور ایم ڈی این بی ایف ڈاکٹر انعام الحق جاوید کی کاوشوں کو سراہا ۔