احتجاجی ریلی ۱۳ اپریل بروز جمعہ آبپارہ چوک اسلام آباد سے نکالی جائے گی، ریلی مظلوم کشمیری ، فلسطینی اور افغان مسلمانوں کی حمایت کے ساتھ ساتھ اتحاد و وحدت کا عظیم مظاہرہ ہو گی: پریس کانفرنس
اسلام آباد، 11 اپریل (ٹی این ایس): بھارت ، اسرائیل اور امریکہ مل کر دنیا کے مسلمانوں پر ظلم کے پہاڑ توڑ رہے ہیں یہ وقت ہے کہ دنیا کے مسلمان متحد ہو کر اس منحوس تثلیث کے خلاف مشترکہ لائحہ عمل بنائیں ۔ ان خیالات کا اظہار ملی یکجہتی کونسل پاکستان کے رہنماؤں نے آزادی کشمیر و فلسطین ریلی کے سلسلے میں منعقدہ پریس بریفنگ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انھوں نے کہا کہ ایک جانب کشمیری مسلمان بھارتی پیلٹ گنز کا شکار ہیں، دوسری جانب فلسطینیوں سنائپر چن چن کر نشانہ بنایا جارہا ہے اور ہماری ہمسائگی میں امریکہ افغان بچوں کو بمباری کا نشانہ بنا رہا ہے ۔
انھوں نے کہا کہ ملی یکجہتی کونسل اور پاکستان کے عوام کی دینی اور اخلاقی ذمہ داری ہے کہ وہ اس ظلم پر خاموش رہنے کے بجائے آواز بلند کریں ۔ انھوں نے بتایا کہ اسی سلسلے میں ایک احتجاجی ریلی ۱۳ اپریل بروز جمعہ آبپارہ چوک اسلام آباد سے نکالی جائے گی جس میں کونسل میں شریک تمام جماعتوں کے قائدین اور کارکنان نیز عام شہری شرکت کریں گے ۔
پریس بریفنگ میں اظہار خیال کرتے ہوئے اسلامی تحریک کے سیکریٹری جنرل علامہ واحدی نے کہا کہ یہ احتجاج فقط دینی و مذہبی جماعتوں کی ذمہ داری نہیں ہے بلکہ پوری پاکستانی قوم اور ملک کے سربراہان کو بھی اس احتجاج میں ہمارا ساتھ دینا چاہیے ۔ کشمیری ، فلسطینی اور افغان مسلمانوں پر ہونے والا ظلم ہمیں متحد ہو کر لائحہ عمل بنانے کی جانب دعوت دیتا ہے ۔ وقت ہے کہ دنیا کے مسلمان باہم شیر و شکر ہو کر اپنے مشترکہ دشمن کی شناخت کریں ۔
پریس بریفنگ میں اظہار خیال کرتے ہوئے ملی یکجہتی کونسل کے ڈپٹی سیکریٹری جنرل ثاقب اکبر نے کہا کہ آزادی کشمیر و فلسطین ریلی کے انتظامات کو حتمی شکل دی جاچکی ہے ۔ کونسل میں شامل تیس جماعتیں اس ریلی میں بھرپور شرکت کریں گی ۔ تشہیری مہم کا آغاز کیا جا چکا ہے، عوامی رابطہ مہم بھی زو ر و شور سے جاری ہے ۔ انھوں نے کہا کہ یہ ریلی مظلوم کشمیری ، فلسطینی اور افغان مسلمانوں کی حمایت کے ساتھ ساتھ اتحاد و وحدت کا عظیم مظاہرہ ہو گی ۔
پریس بریفنگ سے قبل کونسل کی رکن جماعتوں کے قائدین کا مشاورتی اجلاس بھی ہوا جس میں تنظیم اسلامی ، تحریک منہاج القرآن ، جماعت اسلامی ، اسلامی تحریک ، جمعیت علمائے اسلام (ف) ، جمعیت علمائے پاکستان (نورانی ) ، تحریک جوانان پاکستان،جماعت اہل حرم،اتحاد علمائے پاکستان،آل پارٹیز حریت کانفرنس، امامیہ آرگنائزیشن کے مرکزی عہدیداران اور راہنماؤں نے شرکت کی ۔ پریس بریفنگ میں مفتی گلزار احمد نعیمی ، مفتی عامر شہزاد، مولانا عبد الجلیل نقشبندی ، عبد اللہ گل، میر واعظ ترین ، کاشف چوہدری ، تنویر تنولی ، علامہ سبطین شیرازی ، علامہ قاسم جعفری ، طاہرعباس اور دیگرمرکزی ، صوبائی اور ضلعی عہدیداران بھی موجود تھے ۔