ٹرمپ کی  شام میں “مشن” مکمل کرنے پر اتحادی افواج کو مبارکباد

 
0
314

واشنگٹن ، اپریل 15 (ٹی این ایس): امریکا کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے شام میں امریکا اور اس کے اتحادیوں ،فرانس اور برطانیہ کی جانب سے (حملہ) مشن مکمل کرنے پر افواج کو مبارکباد دی ہے۔

سوشل میڈیا سائٹ ٹوئٹر پر انہوں نے کہا کہ شام کے صدر بشارالاسد جانور ہیں اور ان سے کوئی تعلق نہیں رکھنا چاہتا۔

ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے اتحادیوں کا برطانیہ اور فرانس کی جانب سے شام پر حملے میں ساتھ دینے پر شکریہ اداکیا۔ ا

واضح رہے آج صبح امریکہ نے اپنے اتحادیوں برطانیہ اور فرانس کے ساتھ مل کر شام پر ٹام ہاک کروز میزائلوں سے حملہ کردیا۔ کارروائی کا آغاز ہوتے ہی شامی دارالحکومت دمشق زوردار دھماکوں سے گونج اٹھا۔

امریکی فوج نے دمشق میں ٹام ہاک کروز میزائل داغے۔جبکہ برطانوی طیاروں سے اسٹارم شیڈو میزائل داغے گئے۔امریکی انتظامیہ کے مطابق فضائی کارروائی دمشق اور حمص میں کی گئی۔

 

پہلا حملہ دمشق میں سائنس ریسرچ سینٹر میں کیاگیا۔دوسرا حملہ مغربی حمص میں کیمیائی ہتھیاروں کے گودام میں کیا گیا جبکہ تیسرا حملہ کمانڈ پوسٹ پر کیا گیا۔

شامی حکومت نے امریکی حملوں کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ امریکی میزائل نشانے تک پہنچنے سے پہلے ہی گرادیئے گئے۔شامی میڈیا کے مطابق حمص میں فوجی بیس کے قریب امریکی میزائل حملے میں تین شہری زخمی ہوئے۔

روس کے صدر ولادی میرپیوٹن نے شام پر اتحادی حملوں کی مذمت کی ہے اور کہا ہے کہ امریکا شام میں صبر وتحمل کا مظاہرہ کرے۔