بھارتی حکومت اور کٹھ پتلی انتظامیہ دختران ملت کی قیادت اور کارکنوں کو سیاسی انتقام کانشانہ بنا رہی ہے‘ آسیہ اندرابی

 
0
515

سرینگر اپریل 15(ٹی این ایس)مقبوضہ کشمیر میں دختران ملت کی سربراہ آسیہ اندرابی نے کہا ہے کہ بھارتی حکومت اور کٹھ پتلی انتظامیہ دختران ملت کی قیادت اور کارکنوں کو سیاسی انتقام کانشانہ بنا رہی ہے۔کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق آسیہ اندرابی نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہاکہ حال ہی میں پنگلنہ پلوامہ میں 7 خواتین کارکنوں کو گرفتار کیا گیا جن میں سے چند ایک ہی دختران ملت سے وابستہ ہیں۔انہوں نے کہا کہ ان سب خواتین کے خلاف بغاوت کے مقدمات درج کئے گئے ہیں جبکہ یہ خواتین ایک سوگوار خاندان کی تعزیت پرسی کیلئے جارہی تھیں اور انہیں راستے میں ہی گرفتارکیاگیا ۔ انہوں نے کہاستم ظریفی یہ ہے کہ لوگوں کو تعزیت کے لیے جانے پربھی گرفتار کیا جاتا ہے۔

آسیہ اندرابی نے کہا کہ بھارتی پولیس گزشتہ 15 روز سے مسلسل ان کے اور تنظیم کی دیگر کارکنوں کے گھروں پر چھاپے مار رہی ہے۔انہوں نے کہاکہ ہمیں ایسے تلاش کیا جارہا ہے جیسے ہمارا کسی زیر زمین تنظیم سے تعلق ہے۔انہوں نے کہاکہ دختران ملت1981 ء سے ایک سماجی و دینی تنظیم کے طورپر خدمات انجام دے رہی ہے۔آسیہ اندرابی نے کہا کہ دختران ملت کا موقف ہے کہ جموں و کشمیر اقوام متحدہ کی قرار دادوں کے مطابق ایک حل طلب مسئلہ ہے اور اس کافیصلہ استصواب رائے کے ذریعے ہونا چاہئے۔ آسیہ اندرابی نے کہاکہ تنظیم کا اس مسلمہ اصول سے دستبردار ہونا ہر گز ممکن نہیں۔انہوں نے کہا بھارتی حکومت اور اس کے کٹھ پتلی ان اوچھے ہتھکنڈوں سے دختران ملت کو دبا نہیں سکتے۔